بانہال // سنیچر کی شام گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ سے شیر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سرینگر کی طرف آنے والی ایک ایمبولینس گاڑی بٹوٹ کے نزدیک حادثے کا شکار ہو کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوارمریض خاتون لقمہ اجل بن گئی جبکہ اس کے ساتھ دیگر دو تیماردار زخمی ہوئے ہیں ۔پولیس نے اس حادثے میں مرنے والی بیمار خاتون کی شناخت 73 سالہ حسینہ بیگم، زوجہ مرحوم بہادر ملک ،ساکن ٹانٹنا ڈوڈہ کے طور کی ہے۔ ایس ایچ او بٹوٹ رنجیت سنگھ نے بتایا کہ اس ایمبولینس میں ڈوڈہ سے سرینگر لی جارہی مریضہ کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی تھی، جبکہ اس خاتون کے ساتھ زخمی تیماردار محمد امین ملک اور ان کی اہلیہ فریدہ بیگم ساکنہ ٹانٹنا ڈوڈہ کو ایمرجنسی ہسپتال بٹوٹ میں داخل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس نے ضابطے کے تحت کارروائی شروع کی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ایمبولینس ڈرائیور اس حادثے میں معمولی زخموں کے ساتھ بچ نکلا ہے۔