رام بن //ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ اور ایس ایس پی انیتا شرما کی پہل پر این جی او "Technyme For All" نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز اور ضلع انتظامیہ رام بن کے اشتراک سے ایس کے ایم ای ہسپتال بٹوت میں ڈرگ ڈی ایڈکشن کونسلنگ سنٹر قائم کیا ہے۔یہ سنٹر بی ایم او بٹوت ڈاکٹر شکیل احمد سمبڑیا کی جانب سے تحت نگرانی سی ایم او رام بن ڈاکٹر سیف الدین چلایا جا ئے گا۔ کونسلنگ سنٹر کا افتتاح تحصیلدار بٹوت سری ناتھ سمن نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ایم آر گیری کے ہمراہ "Technyme For All"کے بانی ڈاکٹر جگدیش شرما کی موجودگی میں کیا۔ ہومیو پیتھک نفسیاتی ڈی ایڈکشن اسپیشلسٹ ڈاکٹر رنکو شرما ،ڈاکٹر ساہل گپتا ،معزز شہری بھارت گاندھی ،نریندر کور کے علاوہ بٹوت کے شہری بھی اس موقعہ پرموجود تھے۔ رام بن میں اپنے قسم کے پہلے مرکز میں منشیات عادی لوگوں کو ڈاکٹر ساہل گپتا مفت ادویات اور کونسلنگ فراہم کریں گے، تاکہ وہ ہر قسم کے نشہ کو ترک کریںاور ایک عام آدمی بن جائے۔اس موقعہ پر مقررین نے منشیات کی بدعت اور ناجائز کاروبار میں تیزی سے اضافہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے این جی او "Technyme For All" کی ستائش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ انکی کاوشوں سے جلد ہی اچھے نتائج برآمد ہونگے۔اپنے خطاب میں ڈی ایس پی گیری نے منشیات کی بدعت اور اس پر پولیس کی جانب سے قابو پانے کی کاوشوں کو اجا گر کیا۔اسکے علاوہ انہوں نے کہا کہ اس بدعت کا خاتمہ سخت قوانین اور متعدد ڈرگ ڈی ایڈکشن کونسلنگ مراکز کے ذریعہ سے کیا گیا ہے۔سنٹر میں علاج کرنے والے منشیات کے عادی لوگوں کی شناخت پوشیدہ رکھنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے انہوں نے اس بدعت کا خاتمہ کرنے میں لوگوں کا تعاون طلب کیا۔