عظمیٰ نیوز سروس
رام بن//ضلع صنعت مرکز رام بن کی جانب سے بٹوت میں ایک اہم بیداری کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں اور خواہشمند کاروباری افراد کو مختلف سرکاری روزگار و صنعتکاری اسکیموں سے آگاہ کرنا تھا۔ یہ پروگرام ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان کی ہدایات اور ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس جموں ارون منہاس کی رہنمائی میں منعقد کیا گیا۔پروگرام جنرل منیجر ضلع صنعت مرکز رام بن رویندر کمار کی مجموعی نگرانی میں منعقد ہوا جبکہ آغاز پراجیکٹ منیجر کلدیپ سنگھ کے استقبالیہ خطاب سے ہوا۔ اس دوران طلبہ اور نوجوان امیدواروں کو آر اے ایم پی کے تحت اْدیم رجسٹریشن، وزیراعظم ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام ،پی ایم وشوکرما اسکیم اور محکمہ صنعت و تجارت کی دیگر فلاحی اسکیموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی۔پروجیکٹ منیجر نے خطاب کرتے ہوئے ضلع صنعت مرکز کی جانب سے نافذ مختلف اسکیموں پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں کو خود روزگار کی جانب راغب کرنے کے لئے پی ایم ای جی پی پورٹل پر درخواستوں کی باضابطہ رجسٹریشن بھی کی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی قرض سہولتوں اور سبسڈی سے فائدہ اٹھا کر نوجوان مینوفیکچرنگ اور سروس سیکٹر میں اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔کیمپ کے دوران تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو پی ایم ای جی پی کے تحت دستیاب مالی معاونت، سبسڈی اور دیگر فوائد کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ مرکزی معاونت یافتہ این سی ایس ایس اسکیم اور جموں و کشمیر صنعتی پالیسی 2021-30 کے تحت یونین ٹیریٹری حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مراعات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔پروگرام میں پی ایم وشوکرما اسکیم کے تحت جدید ہنر مندی اور تکنیکی تربیت کے مواقع سے بھی شرکاء کو واقف کرایا گیا۔ افسران نے ایم ایس ایم ای ہیلتھ کلینک رجسٹریشن کے فوائد بیان کرتے ہوئے کاروباری افراد کو متعلقہ پورٹل پر رجسٹریشن کی ترغیب دی۔کیمپ میں 150 سے زائد نوجوانوں اور ہنرمند افراد نے شرکت کی اور مختلف اسکیموں میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے خود روزگار کے مواقع حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔