سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور اشتعال انگیز نعروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
سمت بھارگو
راجوری//اسلامی ویلفیئر آرگنائزیشن (آئی ڈبلیو او) راجوری کے ایک وفد نے، جس کی قیادت تنظیم کے صدر شفقت میر کر رہے تھے، جمعرات کے روز راجوری کی ضلعی انتظامیہ سے ملاقات کی اور ایک تحریری میمورنڈم پیش کیا۔ میمورنڈم میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو درپیش خطرات اور امن و بھائی چارے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اسلامی ویلفیئر آرگنائزیشن ایک مذہبی و سماجی تنظیم ہے جو جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری میں سماجی فلاح و بہبود اور امن کے فروغ کے لئے سرگرم عمل ہے۔ وفد میں صدر شفقت میر کے علاوہ تنظیم کے اراکین تعظیم دار اور منظور شاہ بھی شامل تھے۔وفد نے بنگلہ دیش میں موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وہاں اقلیتی ہندو برادری کے خلاف مبینہ مظالم اور تشدد کے واقعات کی سخت مذمت کی۔ وفد کے اراکین نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں کسی بھی مذہبی یا سماجی برادری کے خلاف تشدد، نفرت یا جبر ناقابل قبول ہے اور انسانیت کا تقاضا ہے کہ ایسے واقعات کے خلاف اجتماعی طور پر آواز بلند کی جائے۔وفد نے ضلعی انتظامیہ کی توجہ راجوری میں پیش آئے چند حالیہ واقعات کی جانب بھی مبذول کرائی، جہاں مبینہ طور پر بعض نوجوانوں کی جانب سے احتجاج کے دوران اشتعال انگیز اور جارحانہ نعرے لگائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی اشتعال انگیز نعرہ بازی اور نفرت انگیز بیانات نہ صرف سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ عوامی امن و امان کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔اسلامی ویلفیئر آرگنائزیشن کے وفد نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ احتجاج منعقد کرنے والوں کی جوابدہی طے کی جائے اور قانون کے مطابق کسی بھی اشتعال انگیز یا غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔وفد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنظیم خطے میں امن، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔