عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر کی حکومت نے محکمہ تعمیرات عامہ(آر اینڈ بی)کے پانچ اہلکاروں کو برف صاف کرنے میں تاخیر اور ڈیوٹی سے غیر مجاز غیر حاضری پر معطل کر دیا ہے۔آر اینڈ بی بیان کے مطابق، 25 جنوری کونائب وزیر اعلیٰ کے انٹیگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سرینگر کے دورے کے دوران کیے گئے مشاہدات کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔ دورے کے دوران، سندیپ ویشنوی، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر، مشینری ڈویژن سرینگر، مبینہ طور پر ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شوپیان، اننت ناگ، امام صاحب، ٹنگمرگ، زینہ پورہ اور کشمیر ڈویژن کے دیگر علاقوں سے منتخب نمائندوں اور عوامی وفود نے محکمہ کے بعض اہلکاروں کی ناقص کارکردگی کے بارے میں شکایات اٹھائیں، جس کے نتیجے میں برف صاف کرنے میں تاخیر ہوئی اور سڑکوں کے رابطے اور ضروری خدمات میں خلل پڑا۔اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو معطل کیا جائے اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کی جائے۔ ان کی ڈیوٹیاں انتظامی سہولت کے مطابق دیگر افسران کو سونپی گئی ہیں۔معطل کیے گئے اہلکاروں میں اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر سب ڈویژن امام صاحب زینہ پورہ نور ایدین،شبیر احمد گنائی ( اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر میکینکل اینڈ ہاسپٹل ڈویژن ٹنگمرگ)،مسٹر ناصر اسسٹنٹ انجینئر میکینکل اینڈ ہاسپٹل ڈویژن اننت ناگ سب ڈویژن سیکنڈ،سندیپ ویشنیوی( اسسٹنٹ انجینئر پی ایم پیکیج) مشینری ڈویژن سرینگر،جونیئر انجینئر رمیض میکینکل اینڈ ہاسپٹل ڈویژن زینہ پورہ سب ڈویژن امام صاحب شامل ہیں۔متعلقہ چیف انجینئرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنی معلومات پیش کریں تاکہ مزید کارروائی کو آسان بنایا جا سکے۔