پہاڑیاں سفید لباس میں ملبوس ، تحصیل منڈی کا سیاحتی مقام توجہ کا مرکز بن گیا
محتشم احتشام
پونچھ//تحصیل منڈی کی دلکش، سرسبز اور بلند پہاڑیوں کے دامن میں واقع دیگر معروف سیاحتی مقامات کے ساتھ ساتھ اڑائی حالیہ برف باری کے بعد قدرت کے حسین ترین مناظر کا عملی نمونہ بن کر ابھرا ہے۔ چاروں اطراف پھیلی ہوئی برف کی دودھیا چادر، خاموش و پْرسکون فضا اور قدرتی حسن کی بے مثال جھلک نے اس مقام کو ایک خوابناک و دلآویز منظر میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں ہر سمت فطرت کی صناعی اپنے عروج پر دکھائی دیتی ہے۔برف باری کے بعد اڑائی کی پہاڑیاں سفید لباس میں ملبوس نظر آتی ہیں، جبکہ درختوں کی شاخیں برف کے بوجھ تلے جھکی ہوئی ایک دلکش تصویر پیش کر رہی ہیں۔ وادیوں میں پھیلی ہلکی دھند، ٹھنڈی ہواؤں کی سرسراہٹ اور پرسکون ماحول اس مقام کو فطرت سے محبت کرنے والوں کے لیے جنت نظیر بنا دیتا ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق اڑائی کی خوبصورتی ہر موسم میں نمایاں رہتی ہے، تاہم برف باری کے بعد اس کے حسن میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے۔حالیہ برف باری کے بعد نہ صرف تحصیل منڈی بلکہ قرب و جوار کے علاقوں سے بڑی تعداد میں سیاح علاقے کا رخ کر رہے ہیں۔ نوجوانوں، خاندانوں اور سیاحت کے شوقین افراد کی آمد نے علاقے میں ایک خوشگوار رونق پیدا کر دی ہے۔ سیاح برف پوش پہاڑوں اور حسین مناظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر رہے ہیں اور اس قدرتی حسن کو سراہتے نظر آتے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ منڈی کے اڑائی جیسے قدرتی سیاحتی مقامات اگر مناسب تشہیر اور سرکاری سرپرستی حاصل کریں تو یہ علاقہ سیاحت کے میدان میں ایک نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق بہتر سڑکوں، قیام و طعام کی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی فراہمی سے نہ صرف سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ممکن ہے بلکہ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔علاقے کے سماجی و تجارتی حلقوں نے بھی حکومت اور محکمہ سیاحت سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل منڈی کے سیاحتی مقامات کو ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا جائے تاکہ قدرتی حسن کو محفوظ رکھتے ہوئے سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق ایسے اقدامات سے مقامی معیشت مضبوط ہوگی اور علاقہ معاشی طور پر خود کفیل ہونے کی سمت گامزن ہو سکے گا۔دوسری جانب عوام، خاص طور پر نوجوانوں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تحصیل منڈی کے حسین سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تصاویر اور معلومات شیئر کریں تاکہ علاقے کی قدرتی خوبصورتی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔ یہ اجتماعی کاوش نہ صرف منڈی کے مثبت تشخص کو اْجاگر کرے گی بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے اس قدرتی ورثے کے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوگی۔