عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مرکزی وزارت ثقافت حکومت ہند کے اشتراک سے گلشن کلچرل فورم کشمیر نے بدرن ماگام میں تین روزہ ادبی اور ثقافتی کانفرنس جشنِ سمن بل کا آغاز کیا۔ اس تین روزہ جشنِ سمن بل کی اپتدائی تقریب پر چیر پرسن جموں و کشمیر وقف بورڈ ڈاکٹر درخشاں اندرابی مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھیں جس نے فیسٹول کا آغاز کیا۔ ابتدائی تقریب کی صدارت معروف ادیب شاعر اور فکشن نگار پروفیسر گلشن مجید نے کی۔ مہمان ذی وقار کی حثیت سے سابقہ ایڈشنل ڈائریکٹر جنرل دوردرشن، ادیب اور شاعر ڈاکٹر رفیق مسعودی موجود تھے۔
معروف براڈکاسٹر، ادیب اور شاعر ڈاکٹر ستیش ومل نے کلیدی خطبہ پیش کرکے اس تین روزہ فیسٹول کے نمایاں پہلو اجاگر کئے جبکہ فورم کے جنرل سیکریٹری گلشن بدرنی نے استقبالیہ خطبہ پیش کیا۔فورم کے صدر سید بشیر کوثر نے فیسٹول کے اغراض و مقاصد اور عصری ادبی منظر نامے پر اسکے اثرات ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ فیسٹول کا آغاز روایتی فوک موسیقی سے ہوا جو فورم سے وابستہ فنکاروں نے مہمانوں کا استقبال کرنے کی خاطر پیش کی اور ساتھ ہی شہناز رشید کا لکھا ہوا فورم کا ترانہ بھی پیش کیا۔ ڈاکٹر ستیش ومل کے خطبے پر کافی بحث چلی اور مباحثہ کے دوران مختلف سوالات ابھارے گئے۔ اسی نشست کے دوران گلشن کلچرل فورم کے سالانہ ایوارڈ بھی پیش کئے گئے۔ جن کا اعلان پہلے ہی ہوچکا تھا۔ واضع رہے کہ سال کا ایوارڈ سرکردہ ادیب اور محقق حسرت گڈھا اور اور معروف معلم ادیب اور قلمکار ماسٹر غلامحمد ڈار کو عطا کیا گیا۔ فورم کا ادبی جریدہ فریاد اور فورم کی کئی دوسری کتابوں کو بھی اجرا کیا گیا۔ فیسٹول کی ابتدائی نشست کے بعد محفل افسانہ اور محفل مقالہ منعقد ہوا۔ معروف فکشن نگار شکیل الرحمان نے افسانہ پیش کیا جس پر سیر حاصل بحث ہوئی۔ اس نشست کی صدارت نثار نسیم نے کی جن کے ہمراہ صدارتی ایوان میں شہناز رشید بھی موجود تھے۔ فیسٹیول کے پہلے روز کی آخری کڑی شعری تخلیقات پر مشتمل تھی۔