محتشم احتشام
پونچھ//جموں و کشمیر میں سماجی فلاح و بہبود کے لئے سرگرم غیر سرکاری تنظیم پبلک ویلفیئر فرنٹ کے چیئرمین زوراور سنگھ شاہباز نے جموں و کشمیر کے بجٹ اجلاس کے دوران وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے کئے گئے اعلانات کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں غریب اور نادار طبقے کے لئے بڑی راحت قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں زوراور سنگھ شاہباز نے کہا کہ انتودیہ انا یوجنا (AAY) کارڈ رکھنے والے، خطِ غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کو سالانہ چھ مفت ایل پی جی سلنڈر فراہم کرنے کا اعلان نہایت اہم اور قابلِ تحسین قدم ہے، جو مہنگائی کے اس دور میں غریب گھریلو خواتین کے لئے بڑا سہارا ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ میں 40 ہزار نئے مکانات کی تعمیر، 200 نئی ای۔بسوں کی شمولیت، 7 ڈیری یونٹس کے قیام، 23 ہزار سرکاری بھرتیوں اور شادی امداد کو 50 ہزار روپے سے بڑھا کر 75 ہزار روپے کرنے جیسے اعلانات کا ان کی تنظیم پْرجوش خیر مقدم کرتی ہے۔چیئرمین پبلک ویلفیئر فرنٹ نے وزیرِ اعلیٰ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان اعلانات میں غریب، بے سہارا اور کمزور طبقات کو مرکزِ نگاہ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تمام فیصلے صرف کاغذوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ زمینی سطح پر مؤثر طریقے سے نافذ بھی کیے جائیں گے تاکہ حقیقی مستحقین کو فائدہ پہنچ سکے۔زوراور سنگھ شاہباز نے اس موقع پر کہا کہ ماضی میں بعض غلط پالیسیوں کے باعث غربت میں اضافہ ہوا جس سے غریب، لاچار، معذور، نابینا، بیمار اور بے سہارا افراد کی زندگی انتہائی مشکل بن گئی۔ تاہم انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بجٹ اعلانات بڑی حد تک ان طبقات کے لیے راحت کا باعث بنیں گے۔اس موقع پر پبلک ویلفیئر فرنٹ کی ایگزیکٹو ممبر مندیپ کور کے علاوہ دھیراج رائنا، ماسٹر امرجیت سنگھ، رجنی کماری، سنجیو گھئی، سیما دیوی، بشیر احمد، بلویندر کور، انیل جنجوعہ، ارجن داس، آفتاب احمد، مشتاق حسین، نوجوت سنگھ، گنیش کمار، بچن لال، مدھو جموال، منوہر لال راجو، گگن دیپ سنگھ، بھارت بھوشن، سجن سنگھ، رئیس احمد اور امن دیپ سمیت دیگر اراکین نے بھی بجٹ اعلانات کا خیر مقدم کیا اور حکومت سے ان پر بروقت عملدرآمد کی اپیل کی۔