منڈی//تحصیل منڈی کے علاقہ بائیلہ محلہ شیخاں کے لوگ گزشتہ بیس روز سے بجلی سے محروم ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق علاقے کے ایک سو سے زائدکنبہ جات پچھلے بیس روز سے گھپ اندھیرے میں ہیں اور محکمہ سپلائی کی بحالی میں ناکام رہاہے ۔ محمد شریف ولد نصر دین نے بتایا کہ بیس دن قبل محلہ شیخاں کا بجلی ٹرانسفرمر جل گیا تھا جس کی مرمت محکمہ بجلی کو کرنا تھی جو ابھی تک نہیں کی گئی جبکہ اس سلسلے میں مقامی عوام نے متعدد دفعہ محکمہ بجلی کے افسران کو تحریری اور زبانی طور پر بھی ٹرانسفرمر جل جانے کے بارے میں کہاتاہم محکمہ کا لائن مین بھی ٹرانسفارمر دیکھنے نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے سکولی بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں چمنی کا استعمال کر کے پڑھائی کرنی پڑتی ہے جبکہ بچوں کے سہ ماہی امتحانات بھی چل رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ محکمہ بجلی کی لاپرواہی کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر بجلی کی سپلائی کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔رابطہ کرنے پر محکمہ بجلی کے ایگزیکٹو انجینئرمقبول نائیک نے کہاکہ محکمہ کے ملازمین کی تنخواہیں گزشتہ چار ماہ سے بند پڑی ہیں جس کی وجہ سے وہ کام کے تئیں لاپرواہی برت رہے ہیں ۔تاہم انہوں نے کہاکہ خراب پڑے بجلی ٹرانسفارمروں کی مرمت کی جائے گی ۔