اننت ناگ+ترال // بجبہاڑہ میں منگل کو ایک طاقتور بارودی سرنگ دھماکہ سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ قصبہ بجبہاڑہ کے پازالپورہ علاقے میں آئی ای ڈی کو ایک ٹپر میں نصب کیا گیا تھا۔صبح کے 11بجے دھماکہ خیز مواد ایک پرانے اور تباہ شدہ ٹپر میں نصب کیا گیا تھا۔دھماکہ کے باعث یہاں کھڑی کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔دھماکہ کے فوراََ بعد یہاں افراتفری مچ گئی جبکہ ٹریفک کی نقل وحرکت ایک گھنٹے تک معطل رہی۔دھماکہ کے فوراََ بعد فورسز کے اعلیٰ افسران جائے موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔اس بیچ فورسز اہلکاروں نے علاقہ کو محاصرہ میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔ادھرپولیس نے اونتی پورہ میںوسطی ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو نقلی پستول کے علاوہSLRکے 4رائونڈس بر آمد کئے اور اسکے خلاف کیس درج کرلیا۔ادھر شوپیان میں تلاشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔اونتی پورہ پولیس نے بتایا کہ انہوں نے ڈلوچھ بیروہ کے محمد رفیق شیخ ولد عبد الرحمن شیخ کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ ہائی وے پر بارسو اونتی پورہ کے قریب ایک شخص سے زبردستی رقم لینے کی کوشش کر رہا تھا۔تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 1 نقلی پستول ،1 چاقو اور 4 ایس ایل آر راؤنڈس بر آمدکئے گئے۔اس سلسلے میں پولیس نے قانون کے متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 23/2021 درج کیا ۔ ادھر نارہ پورہ شوپیان میں فورسز نے مشترکہ طور پر محاصرہ کیا اور صبح قریب ساڑھے 11بجے سے تلاشیاں لیں لیکن کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔