جاوید اقبال
مینڈھر//ایس ڈی ایم مینڈھر نے تحصیل بالاکوٹ کی پنچایت بھروتی میں ایک عوامی دربار منعقد کیا جس میں بڑی تعداد میں مقامی باشندوں نے شرکت کرکے اپنے مسائل اور مطالبات انتظامیہ کے سامنے پیش کیے۔ اس موقع پر مختلف محکموں کے تحصیل سطح کے افسران بھی موجود رہے۔عوامی دربار کے دوران لوگوں نے بنیادی سہولیات کی قلت، سڑکوں کی خستہ حالی، پینے کے صاف پانی، بجلی کی غیر یقینی سپلائی اور دیگر عوامی مسائل کو اجاگر کیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ بالاکوٹ کی دو بڑی پنچایتیں سرحدی علاقے میں واقع ہونے کی وجہ سے یہاں کے باشندوں کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سرحدی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جائے اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مقامی آبادی کو راحت مل سکے۔اس موقع پر ایس ڈی ایم مینڈھر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور لوگوں کے کاموں میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے سنجیدہ ہے اور سرحدی علاقوں کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔علاقہ کے لوگوں نے عوامی دربار منعقد کرنے پر ایس ڈی ایم مینڈھر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد از جلد حل کیے جائیں گے اور سرحدی علاقوں کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔