سرینگر //بدھ کی شام تین دن کے بعدپیر پنچال کے آر پار بارشوں کا سلسلہ رک گیا، تاہم تیز ہوائیں چلتی رہیں۔اس دوران کئی علاقوں میں بارش کا پانی مکانوں میں داخل ہوا جبکہ کئی علاقوں میں پسیاں اور پتھر گرنے کے سبب مکانوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا ۔ سونہ مرگ لداخ شاہراہ مسلسل تیسرے روز بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند رہی۔ اس دوران محکمہ آبپاشی وسیلاب کنٹرول کشمیرنے بدھ کے روزاس بات کی وضاحت کی کہ وادی میںسیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ دریائے جہلم میںپانی کی سطح خطرے کے نشان سے کافی نیچے ہے ۔بڈگام سے اطلاع ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث چرار شریف علاقے میں پسیاں گر آنے اور زمین کھسکنے کے واقعات پیش آنے کے نتیجے میں کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ۔ چاڈورہ میں سڑک کا ایک حصہ اور نالے پر موجود پل کو نقصان پہنچا ہے ۔وتر ہیل بڈگام میں عبدالحمید بٹ ولد غلام احمد بٹ کا ریاشی مکان تباہ ہوا تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔بڈگام ضلع میں ہی ایک ریڈی میڈ دکان کو شدید نقصان پہنچا۔کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق سونہ مرگ، زوجیلا، گگن گیر، کلن، گنڈ میں تیسرے روز بھی بارشیں اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا ۔ سونہ مرگ کے دو مقامات پر برفانی تودے گرآئے تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا ۔کپوارہ سے اشرف چراغ نے اطلاع دی کہ ضلع کے متعدد علاقوں میں زمین کھسکنے کی وجہ سے متعدد رہائشی مکانو ں کو جزوی نقصان پہنچا ہے ۔ضلع کے چوکی بل ،مارسری ،ہفرڈہ ،میلیال ،فرکن ٹاپ ،بنگس ،زونہ ریشی اور دیگر علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ نستہ چھن گلی ،فرکیا ں گلی اور زیڈ گلی مژھل پر بھاری برف باری ہوئی۔ان علاقوں کو جانے والی سڑکیں تیسرے روز سے بند ہیں ۔ماور میں نالہ ماوری پر بٹہ گنڈ پل کو نقصان پہنچا اور مذکورہ پل آمد و رفت کے قابل نہیں رہا ۔ منی گاہ ،میر ناگ ،گزریال ،کرناہ کے گبرا ،دھنی ،ٹاڈ ،کنڈی اور کھو ڈ پارا میں زمین کھسکنے کی اطلاعات مو صول ہوئی ہیں ۔ میر ناگ ہایہامہ علاقہ میںزمین کھسکنے سے 4رہائشی مکانو ں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ گزریال میں محمد احسن وانی کے مکانو ں کو نقصان پہنچا۔بٹہ گنڈ لنگیٹ ،قصبہ لنگیٹ اورکپوارہ ضلع کے دیگر کچھ علاقوں میں بھی بارشوں کاپانی نزدیکی بستیوں میں داخل ہوا ہے۔ دیوس پورہ ماگام ہندوارہ میں گنائی محلہ میں بارش کا پانی گھس گیا اور رہائشی مکانوں میں داخل ہوا۔ اسی طرح کاوڈاری لولاب کپوارہ میں میں پانی رہائشی مکانوں میں گھس گیا۔ادھر رازدان ٹاپ پر تازہ برف باری اور پسیاں گر آنے کے سبب گریز بانڈی پورہ شاہراہ گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے مسلسل تیسرے روز بھی بند رہی۔اوڑی کے گنگل گائوں میں پسی گرنے سے ایک رہائشی مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔اوڑی کے بالائی علاقوں میں کئی علاقے پسیاں گرنے آنے سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔ادھر مینڈھر پونچھ میں ایک مکان مکمل طور تباہ ہوگیا جبکہ ضلع راجوری کے کوٹرنکا میں ایک سکولی عمارت ڈھہ گئی۔دونوں حادثات میں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔مینڈھر میں جو مکان بارشوں کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا اْس کے مالک کی شناخت محمد خان ولد غلام حسین ساکن سنگیوٹ بالاکوٹ کے طور ہوئی ہے۔ادھر ضلع راجوری کے کوٹرنگا علا قے کے گڑیل میں گورنمنٹ پرائمری سکول کی عمارت شدید بارش کی وجہ سے ڈھہ گئی۔اس حادثے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔قابل ذکر ہے کہ پیر پنچال سیکٹر میں گذشتہ تین روز سے موسلا دھار بارشوںکا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے معمولات متاثر ہوئے ہیں۔ جموں کے ضلع ریاسی میں کئی ایک سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو کر رہ گئی ہیں اور وہاں ایک درجن رہائشی مکانات کو نقصان ہونے کی اطلاع ہے ۔