مشتاق الاسلام
پلوامہ//جموں و کشمیر فروٹس اینڈ ویجی ٹیبل پروسیسنگ اینڈ انٹی گریٹڈ کولڈ چین ایسوسی ایشن (جے کے پی آی سی سی اے)نے اپنی سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم )منعقد ہوئی، جس میں خطے بھر سے ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ ہائبرڈ طرز پر منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں ممبران نے بالمشافہ اور آن لائن شرکت کرکے تنظیم کی وسیع شمولیت اور جدید طرزِ کار کو اجاگر کیا۔ میٹنگ میں پھل و سبزی کی پروسیسنگ، کولڈ چین انفراسٹرکچر، تکنیکی جدت، پالیسی اصلاحات، اور باغبانی ویلیو چین سے متعلق اہم امور پر مفصل گفت و شنید ہوئی۔ اجلاس کے دوران کئی اہم فیصلے لیے گئے جن کا مقصد شعبے کو مزید مضبوط بنانا، اس کی پائیداری کو یقینی بنانا اور مارکیٹ میں مسابقت بڑھانا تھا۔ایسوسی ایشن نے جموں و کشمیر کے زرعی و باغبانی شعبے میں جاری انقلابی تبدیلیوں پر خصوصی طور پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کی رہنمائی میں تشکیل دئے گئے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (HADP)اور معروف منگلا رائے کمیٹی کی سفارشات کو شعبے کے لیے سنگِ میل قرار دیا گیا۔چیف سکریٹری اتل ڈلو کی موثر قیادت اور مختلف محکموں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا گیا، جن کی نگرانی میں HADPکو موثر انداز میں عملی جامہ پہنایا گیا۔ سابق وزیر اعلی جناب عمر عبداللہ، وزیر زراعت جناب جاوید ڈار اور ایڈییشنل چیف سکریٹری شیلندر کمار کی خدمات کا بھی اعتراف کیا گیا۔