جموں// گورنر کے مشیر کے۔ وِجے کمار نے ریاست میں باغبانی شعبے کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کے لئے مزید اِختراعی اقدامات کرنے کی ضرورت کی زور دیا ہے۔مشیر موصوف فروٹ منڈی کمپلیکس نروال میں ہارٹیکلچر محکمہ اور اس سے منسلک سیکٹروں کے افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران خطاب کر رہے تھے۔اس موقعہ پر ایم ڈی جے کے ایچ پی ایم سی شفاعت سلطان نے محکمہ کے کام کاج پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔مشیرکو بتایا گیا کہ ہارٹیکلچر صنعت میں روزگار اور آمدنی کے کافی وسائل موجود ہیں۔علاوہ ازیں ریاست میں اس وقت 600میٹرک ٹن میوہ پیدا ہوتا ہے جبکہ ریاست میں 40,000میٹر ک ٹن میوہ تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔مشیر کو محکمہ کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔انہیں شوپیاں میں ایپل پیک ہاوس اور سوپور میں اپیل جوس پلانٹ کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ ریاست میں میوئوں کی پیداوار اور پیداواریت بڑھانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جارہا ہے ۔ تاکہ ہارٹیکلچر سیکٹر کو مزید آگے بڑھایا جاسکے۔کے ۔ وِجے کمار نے کہا کہ کسانوں کو کاشتکاری کے جدید تقاضوں سے روشنا س کرانے اور انہیں دیگر سہولیات بہم پہنچانے کیلئے بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا جانا چاہیئے۔مشیر نے افسروں کو یقین دِلایا کہ اُن کی طرف سے اُجاگر کئے گئے تمام مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔ میٹنگ میں متعلقہ محکموں کے دیگر کئی افسران بھی موجود تھے۔