وتر گام میں سیلابی صورتحال
فیاض بخاری
بارہمولہ// گزشتہ چند روز سے جاری موسلا دھار بارشوں نے ضلع بارہمولہ کے کنڈی علاقے کے متعدد دیہات میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ مرن ٹنگواری،چک محلہ ، شیرپورہ کے کئی رہائشی مکانات متاثر ہوئے ہیں جبکہ متعدد گھروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، جس کے باعث مکینوں میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جائے اور مزید نقصان سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔مرن ٹنگواری چک محلہ میں گزشتہ تین روز سے جاری مسلسل بارشوں کے باعث صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔ علاقے میں شدید بارشوں سے زمین کھسکنے سے کئی مکانات کو نقصان ہوا ہے اور ان میں مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ لاحق ہے جبکہ سڑکوں کی حالت بھی انتہائی خراب ہو چکی ہے، جس سے عوام کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق بارشوں کی وجہ سے زمین نرم ہو چکی ہے اور کسی بھی وقت مزید نقصان کا اندیشہ ہے۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار متعلقہ حکام کو اس سنگین صورتحال سے آگاہ کیا، مگر ابھی تک کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ سلطانپورہ میں ایک سنگین صورتحال پیدا ہو گئی ہے جہاں ایک نجی کمپنی ایئرٹیل کا نیٹ ورک ٹاور رہائشی آبادی کے قریب ممکنہ خطرے کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ تین دنوں سے جاری موسلا دھار بارشوں کے بعد ٹاور کے قریب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، جس کے باعث ٹاور کے گرنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ادھر ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جو نقصانات کا جائزہ لے رہی ہیں اور متاثرین کو بروقت مدد فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صورتحال سے نمٹنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ادھروتر گام رفیع آباد بارہمولہ میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ تیز بارشوں کے باعث پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں کئی رہائشی علاقے زیرِ آب آگئے اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔مقامی لوگوں کے مطابق سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے کئی خاندانوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونا پڑا۔ متاثرین نے شدید پریشانی اور بے بسی کا اظہار کیا ہے۔ادھر ضلع انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فوج اور پولیس کے تعاون سے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ خصوصی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں جہاں بچوں اور دیگر کمزور افراد کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حاجی بل بارہمولہ سڑک دھنس گئی
رہائشی مکان کو نقصان
رہائشی مکان کو نقصان
فیاض بخاری
بارہمولہ//شمالی قصبہ بارہمولہ سے حاجی بل سڑک شاہمدان کالونی کے نزدیک لگا تار بارشوں کی وجہ سے دھنس گء ہے جس کے نتیجے میں مذکورہ سڑک عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔ کیونکہ تیز بارشوں کی وجہ سے سڑک کو کافی نقصان پہنچا ہے۔جس کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر متاثر ہو گئی ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سڑک رابطے کو فوری طور پر مرمتی کام کام شروع کریں تاکہ مسافروں کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکیں۔اس دوران مذکورہ سڑک دھسنے سے شاہمدان کالونی میں ایک رہائشی مکان کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کے باعث مقامی متاثر کنبہ کافی پریشانی میں مبتلا ہوگیا یے۔