بارسلونا /اٹلیٹیکو میڈرڈ نے چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی جانب بڑا قدم اٹھاتے ہوئے میزبان بارسلونا کو ان کے اپنے میدان نو کیمپ میں شکست سے دوچار کر دیا۔ فاتح اٹلیٹیکو میڈرڈ کی ٹیم نے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے میں بارسلونا کو 0-2 گول سے شکست دی۔ 2006کے بعد نو کیمپ میں اٹلیٹیکو میڈرڈ کی یہ پہلی فتح ہے جس میں جولین الواریز اور الیگزینڈر سورلوتھ نے گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے میں برتری دلا دی۔ کھیل کے بیشتر حصے میں بارسلونا کا پلہ بھاری رہا تاہم ہاف ٹائم سے تھوڑی دیر قبل پاؤ کوبارسی کی جانب سے جولیانو سیمونی پر کیا گیا فاؤل میچ کا اہم موڑ ثابت ہوا۔ ریفری استوان کوواکس نے پہلے کوبارسی کو پیلا کارڈ دکھایا تھا لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کے مشورے پر مانیٹر پر واقعے کا جائزہ لینے کے بعد اسے ریڈ کارڈ میں تبدیل کر دیا گیا۔ بارسلونا کے 10 کھلاڑی رہ جانے کے بعد جولین الواریز نے فری کک پر شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف میں ایک کھلاڑی کم ہونے کے باوجود بارسلونا نے میچ پر گرفت مضبوط رکھنے کی کوشش کی اور مارکس ریش فورڈ کی فری کک گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آگئی تاہم وہ برابری حاصل نہ کر سکے ۔ میچ کے آخری لمحات میں اٹلیٹیکو میڈرڈ کے الیگزینڈر سورلوتھ نے میٹیو رگیری کے کراس پر دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنا دی۔ بارسلونا کو اب ٹورنامنٹ میں بقا کے لیے آئندہ منگل کو میڈرڈ میں ہونے والے دوسرے مرحلے کے میچ میں ہر صورت فتح حاصل کرنا ہوگی۔یواین آئی