واشنگٹن// امریکی نائب صدر مائیک پینس نومنتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے ۔وائٹ ہاؤس نے اس کی تصدیق کی ہے ۔ وائٹ ہاؤس کے ذریعہ منگل کو جاری کردہ پینس کے بارے میں کہا گیاہے کہ ’’نائب صدر مائک پینس اور ان کی اہلیہ 59 ویں تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے ‘‘۔قابل ذکر ہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن بدھ کے روز مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے اپنے عہدے کا حلف لیں گے ۔
بائیڈن انتظامیہ کا شمالی کوریا کے بارے میں جائزہ لینے کا فیصلہ
واشنگٹن //امریکہ کے نامزد وزیر خارجہ انٹون بلنکن نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ شمالی کوریا کے حوالے سے ملکی رویے اور پالیسی کا جائزہ لے گی۔ بلنکن نے سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی سے کہا’’مجھے لگتا ہے کہ ہمیں شمالی کوریا کے بارے میں امریکی نقطہ نظر کا جائزہ لینا ہے ۔ ہم اس پورے نقطہ نظر اور پالیسی کا جائزہ لینا چا ہتے ہیں کیونکہ وہ ایک مشکل مسئلہ ہے جس نے انتظامیہ کو پریشان کررکھا ہے ، یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس میں بہتری نہیں آئی ہے ، حقیقت میں یہ اور بھی بد تر ہوا ہے‘‘ ۔ قابل ذکر ہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن آج اپنے عہدے کا حلف لیں گے ۔