عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایک بڑی انسداد بدعنوانی کارروائی میں، جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے جمعہ کو پولیس سٹیشن بمنہ کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی)کو ایک شکایت کنندہ سے مبینہ طور پر 8,000 روپے کی رشوت طلب کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ایک بیان میں، اینٹی کرپشن بیورو کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ مختار احمد خان، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ساکن نیوہ پلوامہ، جو پولیس سٹیشن بمنہ، سرینگر میں ایف آئی آر نمبر 88/2025 کے تفتیشی افسرتھے، نے شکایت کنندہ سے غیر قانونی طور پر رشوت کا مطالبہ کیا ، حالانکہ اس کیس کا چالان عدالت میں پہلے ہی ہو چکا تھا۔ ملزم افسر نے مبینہ طور پر شکایت کنندہ کو ہراساں کرنے کی دھمکی دی تھی ۔شکایت کی وصولی کے بعد، ایک محتاط تصدیق کی گئی، جس نے پہلی نظر میں الزامات کو ثابت کیا۔اس کے نتیجے میں، انسداد بدعنوانی ایکٹ، 1988 کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ ایف آئی آر نمبر 04/2026 پولیس سٹیشن اے سی بی سرینگر میں درج کیا گیا اور تحقیقات کو حرکت میں لایا گیا۔تحقیقات کے دوران، ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ایک کامیاب جال بچھا کر ملزم سرکاری ملازم مختار احمد خان، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، کو شکایت کنندہ سے 8,000/- روپے رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں موقع پر ہی رشوت کی رقم برآمد کر لی گئی۔