عظمیٰ نیوز سروس
بڈگام// جموں و کشمیر کے انسداد بدعنوانی بیورو نے ہفتہ کو بڈگام ضلع میں رشوت طلب اور قبول کرنے کے الزام میں ایک ریونیو اہلکار کو گرفتار کیا۔حکام کے مطابق، اے سی بی کو ایک تحریری شکایت میں الزام لگایا گیا تھا کہ شکایت کنندہ نے بینک گارنٹی کے مقاصد کے لیے رکھ سوٹھوباغات کنی پورہ میں واقع جائیداد کے لیے ریونیو ایکسٹریکٹ اور بینک لیین سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے متعلقہ ریونیو حکام کے سامنے درخواست دی تھی۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ حلقہ رکھ سوٹھو کے متعلقہ پٹواری، جس کی شناخت ریاض احمد خان کے نام سے ہوئی، نے قانونی طریقے سے کیس کی کارروائی کے بجائے مطلوبہ دستاویزات کی تیاری اور فراہم کرنے کے لیے 10,000 روپے سے 30,000 روپے تک رشوت طلب کی۔شکایت کنندہ نے ملزم اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے اے سی بی سرینگر سے رجوع کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شکایت کے بعد ایک محتاط تصدیق کی گئی جس میں سرکاری ملازم کی طرف سے رشوت طلب کرنے کی تصدیق کی گئی۔اس کے بعد انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کی دفعہ 7 کے تحت ایف آئی آر نمبر 02/2026 پولیس سٹیشن اے سی بی سری نگر میں درج کی گئی اور تفتیش کے دوران ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے کامیاب جال بچھا کر ملزم پٹواری کو شکایت کنندہ سے 10,000 روپے رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ تمام ضروری طبی قانونی ضابطے مکمل کرنے کے بعد، ملزم سرکاری ملازم کو تحویل میں لیا گیا۔حکام نے کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ملزم پہلے بھی اسی طرح کی کارروائیوں میں ملوث تھا اور اگر کوئی اور اہلکار ملوث ہے تو اس کی نشاندہی کی جا سکے۔