یو این آئی
ایڈیلیڈ / آسٹریلیااور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کے ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ کے لئے میزبان آسٹریلیا نے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا(سی اے )کے مطابق مایہ ناز آل رائونڈرپیٹ کمنز اور نیتھن لیون کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ، تاہم تجربہ کار بلے باز عثمان خواجہ ایک بار پھر جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنز جو رواں سال جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوران کمر کی انجری کا شکار ہو گئے تھے ، پانچ ماہ بعد مسابقتی کرکٹ میں واپس آ رہے ہیں۔ ان کی واپسی کے ساتھ ہی مائیکل نیسر اور برینڈن ڈاگیٹ کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے ۔آسٹریلیا نے اوپننگ کے لیے جیک ویذرالڈ اور ٹراوس ہیڈ پر اعتماد برقرار رکھا ہے جبکہ ٹیم انگلینڈ کے خلاف جاری ایشز سیریز میں 0-2 کی برتری کے حاصل کئے ہوئے ہے اور اب اسے اپنے نام کرنے کے لئے ایک اور میچ کی جیت کی دوری پر ہے ۔ نیتھن لیون کی شمولیت سے بولنگ اٹیک کو مزید مضبوط ہوگا۔ پیٹ کمنز اور نیتھن لیون مجموعی طور پر 871 ٹیسٹ وکٹوں کا تجربہ رکھتے ہیں، جو ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے ۔اگرچہ مائیکل نیسر نے گابا ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں اور برینڈن ڈاگیٹ ابتدائی دو ٹیسٹ میں 7وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے ، تاہم دونوں کو سینئر کھلاڑیوں کی واپسی کے باعث باہر بیٹھنا پڑا۔ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ایشز ٹیسٹ میچ کے لئے آسٹریلوی سکواڈ پیٹ کمنز (کپتان)، ٹراوس ہیڈ، جیک ویذرالڈ، مارنس لبوشین، اسٹیو سمتھ، کیمرون گرین، ایلکس کیری (وکٹ کیپر)، جوش انگلس، مچل اسٹارک، نیتھن لیون اور اسکاٹ بولینڈ پر مشتمل ہے ۔واضح رہے کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ 17 دسمبر بروز بدھ سے شروع ہوگا، جہاں میزبان ٹیم ایشز سیریز اپنے نام کرنے کے لیے پرعزم نظر آتی ہے ۔