کوٹرنکہ //کوٹرنکہ میں تیسرے روز بھی بند رکھاگیا اور مقامی لوگوںنے سڑک پر آٹھ گھنٹہ دھرنا دیا۔اس دوران مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پوسٹ کے حوالے سے جاری کئے جانے والے حکمنامے کو واپس لے اور کوٹرنکہ اے ڈی سی پوسٹ میں کسی بھی قسم کی تخفیف نہ کی جائے ۔قصبہ میں تمام قسم کی تجارتی سرگرمیاں بھی ٹھپ رہیں ۔پیر کے روز بڑی تعداد میں لوگ مختلف علاقوںسے بھی کوٹرنکہ پہنچے اور انہوںنے چکہ جام رکھ کر کئی گھنٹے دھرنا دیا ۔ اس دوران کابینہ وزیر و مقامی ایم ایل اے چوہدری ذوالفقارعلی نے بذریعہ فون چار بجے لوگوں کو یقین دہانی کروائی کہ دس دنوں کے اندراندر اس معاملے کا حل نکالاجائے گاجس پر دھرنا ختم کیاگیا۔ احتجاج میں نیشنل کانفرنس کے ضلع جنرل سیکریٹری چوہدری محمد شفیع، پی ڈی پی پی سنیئر لیڈر چوہدری میر حسین، پی ڈی پی لیڈر صوفی عالم دین، کانگریس لیڈر راج محمد راتھر، شفیق راز، بشارت راتھر، یوتھ لیڈر گفتار احمدچوہدری، بی جے پی ایس ٹی مورچہ کے ریاستی جنرل سیکریٹری چوہدری مشتاق انقلابی، امت شرما، ماسٹر دیوارج، صوبہ سنگھ وغیرہ بھی شامل تھے ۔مقامی ذرائع نے بتایاکہ حکومت کی یقین دہانی کے بعد آج سے بازار کھول دیاجائے گا۔