ڈوڈہ//ڈوڈہ کے معروف سماجی کارکن ایڈوکیٹ حسان بابر نہرو کو 2016میں تھانہ پولیس ڈوڈہ میں درج تین مقدمات کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل موبائل مجسٹریٹ عدالت ڈوڈہ میں پیش کیا گیا ۔ جہاں آج مختلف مقدمات میں سرکار کی طرف سے گواہان کے بیانات قلمبند کرائے گئے۔ جس پر محبوس رہنما کے وکیل ایڈوکیٹ شیراز اسلم بٹ نے عدالت کے سامنے اپنے دلائل رکھے مقدمہ میں اگلی تاریخ 7مارچ کو طے ہوئی ہے۔ ایڈوکیٹ حسان بابر نہرو کو سال 2016 میںPSAکے تحت نظر بند کیا گیا تھا جس پر عدالت عالیہ نے وہ PSAکالعدم قرار دیکر ان کو رہا کیا گیا تھا۔ جبکہ تھانہ پولیس ڈوڈہ میں درج تین مقدمات میں ان کو ضمانت ملی تھی، تاہم گذشتہ برس ماہ جولائی میں نوجوان وکیل کو جموں میں مختلف تھانوں میں مختلف مقدمات کے تحت جموں پولیس نے ریمانڈ حاصل کی تھی اور پھر ایک مقدمہ میں چالان عدالت میں پیش کیا جس وجہ سے وہ سنٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں محبوس ہیں۔ آج تاریخ پیشی پر حاضری کے دوران سماج کے مختلف طبقوں نے حسان بابر نہرو سے ملاقات کی قابل ذکر بات ہے کہ ایڈوکیٹ حسان بابرنہرو وادی چناب کے تینوں اضلاع میں خاص کر نوجوان نسل میں کافی مقبول ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ڈوڈہ عدالت میں تاریخ پیشی پر لوگوں کی بھاری تعداد اُن کی جھلک دیکھنے کے لئے آئی تھی۔