رام بن //نیشنل کانفرنس کے لیڈر و ضلع صدر رام بن سجاد شاہین نے کہا کہ نیشنل کانفرنس آئین ہند کے دفعہ35۔اے کے ساتھ کسی بھی چھیڑ چھاڑ کی مُخالفت کرے گی۔ سجاد شاہین نے بانہال میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے خصوصی درجہ کے ساتھ کسی بھی چھیڑ چھاڑ کو ریاست جموں ،کشمیر و لداخ کے عوام میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گورننس فرنٹ پر ناکام رہنے کے بعد بی جے پی لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 35۔اے ناقابل واپسی ہے ا ور جو اسکو ہٹانے کا سوچ رہے ہیں وہ خواب غفلت میں ہیں۔ دفعہ 370پر نیشنل کانفرنس کا موقف واضع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ریاست اور یونین آف انڈیا کے درمیان ایک پُل ہے جسے کافی غور و فکر کے بعد آئین ہند میں رکھا گیا ہے اور اسکے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنا ریاست اور ملک کے درمیان رشتوں کو کمزور کرنا ہوگا۔شاہین نے مزید کہا کہ آئین کا دفعہ35۔ اے ریاست جموں و کشمیر کو پُشتنی باشندوں کو خصوصی حق الاٹ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دفعہ کے ساتھ کسی بھی چھیڑ چھاڑ کی ریاستی عوام اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نیشنل کانفرنس اس دفعہ کے دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔