اجتماعی اہمیت کے معاملات اور عوامی بہبود سے متعلق مسائل ایجنڈا
سرینگر// ریاستی حیثیت کی بحالی میں تاخیر اور دوہری انتظامیہ کی وجہ سے منتخب حکومت کوموثر حکمرانی میں درپیش مشکلات اورجموں وکشمیرکی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج حکمراں جماعت نیشنل کانفرنس اور حکومت کی حمایت کرنے والے آزاد امیدواروں کی ایک میٹنگ طلب کی ہے ،جووزیراعلیٰ کی رہائش گاہ واقع گپکارروڈ سری نگرمیں بدھ کی صبح 10بجے شروع ہوگی۔
ممبران اسمبلی کوبھیجے گئے دعوت نامے کے متن میں دونکاتی ایجنڈے کا اشادہ دیتے ہوئے کہاگیاہے کہ3جون کوہونے والی میٹنگ میں” اجتماعی اہمیت کے معاملات اور عوامی بہبود سے متعلق مسائل” پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنی پارٹی نیشنل کانفرنس کے ارکان کے علاوہ 4 آزاد ارکان اسمبلی کو بھی مدعو کیا ہے جو ان کی حکومت کی حمایت کررہے ہیں۔ تاہم، وزیر اعلیٰ نے ابھی تک کانگریس کے 6ممبران اسمبلی کو مدعو نہیں کیا ہے جو این سی حکومت کی حمایت کر رہے ہیں۔این سی کے ایک رکن اسمبلی نے کہا کہ دعوت نامے سے پتہ چلتا ہے، وزیر اعلی تمام ارکان اسمبلی سے یہاں کے لوگوں کو درپیش مسائل اور مسائل سننا چاہتے ہیں۔ا گرچہ وزیراعلیٰ نے پیرکے روز نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مجوزہ میٹنگ سے متعلق سوالات یاکہ میٹنگ کے ایجنڈے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی لیکن سیاسی گلیاروںمیں میٹنگ طلب کئے جانے پر ہل چل پیدا ہوئی ہے ،کیونکہ وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے 6مئی کو ٹنگمرگ میں کہاتھاکہ وہ بادل کی طرح پھٹنا چاہتے ہیں۔انہوںنے اشارہ دیاتھاکہ وہ عید کے بعد بادل کی طرح پھٹ سکتے ہیں۔