سرینگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)نے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی سازش کے معاملے میں جاری تحقیقات کے سلسلے میں 2اور لوگوں کو گرفتار کیا۔حکام نے اتوار کو بتایاکہ تازہ گرفتاریوں سے تقریباً تین ہفتوں میں اس کیس کے سلسلے میں کشمیر کے مختلف حصوں سے گرفتار افراد کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔ایجنسی ترجمان نے بتایا کہ سرینگر کے اشفاق احمد وانی اور سوپوربارہمولہ کے عمر بٹ کو ہفتہ کو این آئی اے کی تلاشی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے کہا، "ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار ملزمان مختلف کالعد م شدت پسندتنظیموں کے معاونین کے طور پر کام کررہے ہیں اور ملی ٹینٹوں کو لاجسٹک اور مالی مدد فراہم کرتے رہے ہیں۔این آئی اے نے یہ مقدمہ 10 اکتوبر کو جموں و کشمیر اور دیگر بڑے شہروں میں لشکر طیبہ، جیش محمد، حزب کے کیڈروں کے ذریعہ پرتشدد کارروائیاں کرنے کی سازش کے سلسلے میں درج کیا تھا۔ کیس کے اندراج کے تین دن بعد، این آئی اے نے وادی کشمیر میں 18 مقامات پر تلاشی لی اور ملی ٹینٹوں کے 9 ساتھیوں کو گرفتار کیا۔ 20 اکتوبر کو 11 مقامات پر تلاشی کے دوران مزید چار گرفتاریاں کی گئیں۔22 اکتوبر کو 10 مقامات پر تلاشی کے دوران مزید 8 کو گرفتار کیا گیا، جب کہ 29 اکتوبر کو مزید 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔