عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے بدھ کو کہا کہ کشمیر ڈویژن میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کا وافر ذخیرہ دستیاب ہے اور عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گرگ نے کہا، ضروری پٹرولیم مصنوعات کے سٹاک کی پوزیشن کی روزانہ کی بنیاد پر محکمہ خوراک، شہری سپلائی اور امور صارفین کی طرف سے قریب سے نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ڈویژن میں اس وقت پٹرول اور ڈیزل کا 15 دن سے زیادہ کا ذخیرہ ہے، جبکہ تقریباً 13 دن کی ایل پی جی سپلائی دستیاب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژن میں ذخیرہ کرنے کی مجموعی گنجائش کی سطح 15 سے 20 دنوں تک ہے۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی سے متعلق صرف سرکاری معلومات پر بھروسہ کریں اور پٹرول پمپوںاور ایل پی جی آؤٹ لیٹس پر غیر ضروری رش سے گریز کریں۔ گرگ نے واضح کیا کہ اگرچہ تجارتی ایل پی جی پر کچھ پابندیاں لگائی گئی ہیں، لیکن یہ گھریلو صارفین، ہسپتالوں یا تعلیمی اداروں پر لاگو نہیں ہوتیں اور اس وجہ سے خطے میں ایل پی جی کی کوئی کمی نہیں ہے۔ڈویژنل کمشنر نے یہ بھی کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے کنٹرول رومز کو فعال کر دیا ہے اور ضروری سامان کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔گرگ نے مزید کہا کہ حکومت رمضان المبارک کے جاری مقدس مہینے اور عید سے قبل بازار کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ پورے کشمیر میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور منصفانہ قیمتوں کے تعین کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی، قانونی میٹرولوجی اور دیگر نافذ کرنے والی ٹیموں کے ذریعے معائنہ کو تیز کر دیا گیا ہے۔