عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // حکومت نے جمعہ کو ایوان کو مطلع کیا کہ ایم بی بی ایس/بی ڈی ایس انٹرنز کے وظیفہ میں اضافہ کی تجویز فی الحال محکمہ خزانہ میں زیر غور ہے۔ حسنین مسعودی کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، محکمہ صحت اور طبی تعلیم نے کہا کہ 2023 کے گورنمنٹ آرڈر نمبر 538-JK(HME) کے تحت تشکیل دی گئی کمیٹی نے MBes/BBS/BDS کے حق میں موجودہ وظیفہ کو 12,300 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 25,000 روپے ماہانہ کرنے کی سفارش کی تھی۔حکومت نے کہا، محکمہ میں سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور منظوری کے لیے محکمہ خزانہ کو پیش کیا گیا۔ اس نے مزید کہا کہ محکمہ خزانہ نے متعدد مواقع پر وضاحت طلب کی ہے اور کچھ مشاہدات سے آگاہ کیا ہے۔جواب کے مطابق یہ مشاہدات متعلقہ سرکاری میڈیکل کالجزکو بتائے گئے، جنہوں نے وقتا فوقتا مطلوبہ معلومات فراہم کیں۔ موصول ہونے والی گذارشات کا جائزہ لیا گیا اور کیس کو دوبارہ غور کے لیے محکمہ خزانہ کو بھیج دیا گیا ہے۔