یو این آئی
دبئی//دبئی کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس نے مالی سال 2025-26 کے دوران ریکارڈ 5.4 ارب ڈالر سالانہ منافع حاصل کیا، بین الاقوامی سطح پر فضائی سفر کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث کمپنی کی آمدنی بھی بڑھ گئی۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایمریٹس نے مضبوط سفری طلب کے باعث تاریخ کا سب سے زیادہ سالانہ منافع حاصل کر لیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مارچ 2026 پر ختم ہونے والے مالی سال میں منافع بڑھ کر 19.7 ارب درہم، یعنی تقریباً 5.4 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 3 فیصد سے زائد اضافہ ہے۔ایئرلائن کے مطابق مالی سال کے دوران آمدنی 2 فیصد اضافے کے ساتھ 130.9 ارب درہم تک پہنچ گئی۔ مختلف عالمی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے دستیاب فضائی استعداد کو حکمتِ عملی کے تحت استعمال میں لایا گیا۔ایمریٹس نے اس کارکردگی کو اپنی تاریخ کا ’بہترین منافع‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش ایئرلائن ہونے کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔