عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے پیر کے روز نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی، جس دوران یونین ٹیریٹری سے متعلق اہم ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم کو لداخ میں جاری مختلف منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ بات چیت میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، فلاحی اسکیموں کے نفاذ اور خطے کو درپیش انتظامی چیلنجز پر خصوصی توجہ دی گئی۔اس موقع پر کویندر گپتا نے وزیر اعظم کو بدھ مت کے بانی، بھگوان بدھ کی ایک پینٹنگ بھی پیش کی، جو لداخ کی بھرپور ثقافتی اور روحانی وراثت کی علامت ہے۔ اس اقدام کو خطے کی قدیم تہذیبی شناخت اور روایات کی عکاسی قرار دیا گیا۔ انہوں نے سڑک اور ہوائی رابطے کو مضبوط بنانے، عوامی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور جغرافیائی طور پر چیلنجنگ اور تزویراتی لحاظ سے اہم خطے میں ضروری خدمات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ کویندر گپتا نے وزیر اعظم کو ان اقدامات سے بھی آگاہ کیا جن کا مقصد پائیدار سیاحت کو فروغ دینا، لداخ کے منفرد ثقافتی اور ماحولیاتی ورثے کا تحفظ کرنا اور مقامی نوجوانوں کے لیے روزی روٹی کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ دور دراز اور سرحدی علاقوں میں تعلیم، صحت کی سہولیات اور مرکزی حکومت کی اسکیموں کے نفاذ سے متعلق مسائل پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے لداخ میں جامع ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور خطے کی ہمہ جہت ترقی اور اس کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے مرکز کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔