عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے درمیان کراس لائن آف کنٹرول (ایل او سی) تجارت جی ایس ٹی ایکٹ کے تحت بین ریاستی تجارت تھی، کیونکہ پی او کے قانونی طور پر سابقہ ریاست جموں و کشمیر کے علاقے کا ایک حصہ ہے۔عدالت ان تاجروں کی طرف سے دائر رٹ درخواستوں کی سماعت کر رہی تھی جو 2017-2019 کے دوران ایل او سی کے پار لوگوں کے ساتھ بارٹر/سپلائی کے لین دین میں مصروف تھے۔درخواست گزاروں نے جی ایس ٹی کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹیکس حکام کے جاری کردہ شوکاز نوٹس کو چیلنج کیا ہے، جس میں مختلف بنیادوں پر علاقائی اور سپلائی کی درجہ بندی کی گئی ہے۔جسٹس سنجیو کمار اور جسٹس سنجے پریہار پر مشتمل ایک ڈویژن بنچ نے ایل او سی کے آر پار تجارت کے سلسلے میں جی ایس ٹی ایکٹ کے تحت جاری کردہ شوکاز نوٹس کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کو خارج کر دیا۔بنچ نے کہا”دونوں طرف سے پیش ہونے والے ماہر وکیلوں کے ذریعہ یہ متنازعہ نہیں ہے کہ ریاست کا علاقہ اس وقت پاکستان کے ڈی فیکٹو کنٹرول میں ہے، ریاست جموں و کشمیر کے علاقوں کا حصہ ہے، لہٰذا، فوری طور پر، سپلائی کرنے والوں کا مقام اور سامان کی سپلائی کی جگہ اس وقت کی ریاست جموں کشمیر(اب UT)کے اندر تھی اور اس وجہ سے، ٹیکس کی مدت کے دوران کراس ایل او سی کی تجارت سے کچھ بھی متاثر نہیں ہوا”۔ عدالت نے عرضی گزاروں کی طرف سے دائر درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا”قانون کے تحت ہم ان درخواستوں پر غور کرنے کے لیے مائل نہیں ہیں بلکہ درخواست گزاروں کو CGST ایکٹ 2017 کے تحت دستیاب قانونی ازالہ کیلئے کہیں گے” ۔درخواست گزاروں کے وکیل نے عرض کیا کہ اسلام آباد-اڑی اور راولاکوٹ (پی او کے)سے چکن دا باغ (پونچھ) تک کی تجارت، جیسا کہ ہندوستان اور پاکستان نے باہمی طور پر اتفاق کیا تھا، ایک بارٹر تجارت تھی، اور کرنسی کا کوئی تبادلہ نہیں ہوتا تھا۔درخواست گزاروں نے استدلال کیا کہ انہوں نے ایل او سی کے پار تجارت کو زیرو ریٹڈ سیل سمجھا، جس میں سیلز ٹیکس نہیں لگتاتھا۔