ڈھاکہ/دفاعی چیمپئن ہندوستان نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے روایتی حریف پاکستان کو 3-1 سے شکست دے کر جمعہ کو یہاں ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ہندوستان نے اپنا پہلا میچ کوریا سے 2-2 سے ڈرا کھیلاتھا، لیکن دوسرے میچ میں اس نے میزبان بنگلہ دیش کو 9-0 سے شکست دی تھی۔ بھارت نے اپنے تیسرے میچ میں پاکستان کو 3-1 سے شکست دے کر آخری چار میں جگہ بنالی۔ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے کھیل کا آغاز جارحانہ حکمت عملی سے کیا جس کا فائدہ ٹیم کو نویں منٹ میں پنالٹی کارنر کی صورت میں ملا۔ نائب کپتان اور دفاعی کھلاڑی ہرمن پریت سنگھ نے پہلا گول کر کے ٹیم کو ابتدائی 1-0 کی برتری دلائی، حالانکہ اس کے بعد پاکستان کی طرف سے سخت چیلنج دیکھنے کو ملا۔ میچ میں دوبارہ جدوجہد کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پہلے کوارٹر اور دوسرے کوارٹر میں اس ایک گول کے علاوہ کوئی گول نہ ہو سکا۔ایک موقع پر تیسرا کوارٹر بھی بے گول نظرآرہاتھا، لیکن فارورڈ اکشدیپ سنگھ نے 42ویں منٹ میں شاندار فیلڈ گول کر کے برتری کو 2-0 کر دیا، حالانکہ اس کے فوراً بعد 45ویں منٹ میں ایک گول کے ذریعہ پاکستان اسکور کو2-1 کرنے میں کامیاب رہا۔ جنید منظور نے فیلڈ گول سے ٹیم کا کھاتہ کھولا، حالانکہ ہندوستانی نائب کپتان ہرمن پریت نے آخرمیں پنالٹی کارنر سے گول کرکے برتری کو 3-1 تک بڑھا دیا۔ بعد میں اس اسکور پر میچ ختم ہوا اور بھارت فاتح قرار پایا۔(یواین آئی)