ملبورن/مشل اسٹارک (11 رن پر 2 وکٹ) اور اسکاٹ بولانڈ (ایک رن پر دو وکٹیں) کی شاندار گیندبازی کی بدولت آسٹریلیا نے تیسرے ایشز کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پیر کے روز انگلینڈ کی دوسری اننگز میں اس کے چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا ہے ۔ اسی کے ساتھ ہی آسٹریلیا کی ٹیم اب مضبوط پوزیشن میں ہے جبکہ انگلینڈ مشکل میں ہے ، کیونکہ وہ آسٹریلیا سے 51 رن پیچھے ہے اور محض 31 رن پر اس کے چار کھلاڑی آوٹ ہوچکے ہیں۔ اس سے قبل آج انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 267 رن پر آل آؤٹ کیا، حالانکہ آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 82 رن کی اہم برتری حاصل تھی۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 185 رن بنائے تھے۔آسٹریلیائی گیند بازوں نے ایک بار پھر اپنا دبدبہ دکھایا اور اسٹارک اور مقامی اسٹار گیندباز بولینڈ نے انگلینڈ کو ابتدائی جھٹکے دیئے ۔ انگلینڈ کی پہلی اور دوسری وکٹ بالترتیب جیک کرالی اور ڈیوڈ ملان کی شکل میں محض سات رن کے اسکور پر گری۔ دونوں بلے باز اسٹارک کا شکار بنے ۔اسی دوران بولانڈ نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کررہے حسیب حمید اور جیک لیچ کو آؤٹ کر کے پویلین واپس بھیج دیا۔ انگلینڈ نے 22 کے اسکور پر حسیب کی شکل میں تیسرا وکٹ اور لیچ کا چوتھا وکٹ گنوایا۔فی الحال جو روٹ اور آل راؤنڈر بین اسٹوکس کریز پر موجود ہیں اور بالترتیب 12 اور دو رن پر کھیل رہے ہیں۔آسٹریلیا نے گزشتہ روز ایک وکٹ کے نقصان پر 61 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ مارکس ہیرس نے 20 اور نائٹ واچ مین ناتھن لیون نے صفر سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ لیون 10 رنز بنا کر اولی رابنسن کا شکار بنے ۔ مارنس لابوشین (1، اسٹیون اسمتھ 16، ٹریوس ہیڈ 27، کیمرون گرین 17 اور ایلکس کیری 19 رن بنا کر آؤٹ)۔ حارث 189 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کرچھٹے بلے باز کے طور پر ٹیم کے اسکور 180 پر پویلین لوٹے ۔نچلی صف میں کپتان پیٹ کمنز 32 گیندوں پر 21اور مشل اسٹارک نے 37 گیندوں پر 24 رن بناکر آسٹریلیا کو 82 رنز کی برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے 33 رن پر چار وکٹیں جبکہ رابنسن اور مارک ووڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔(یواین آئی)