سرینگر//جموں و کشمیر میں سیکورٹی کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (SOG)، بم ڈسپوزل اسکارڈ (BDS) اور ریاستی پولیس اہلکاروں کو ان کی بنیادی تنخواہ کا25فیصداور 12.5 فیصدسیکورٹی الاؤنس دینے کافیصلہ لیاہے ۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (SOG)، بم ڈسپوزل اسکارڈ (BDS) اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں کو سیکورٹی الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔یکم نومبر کو جاری کردہ حکم نامے میں کہاگیاہے کہ ، اسپیشل آپریشن گروپ( ایس او جی)، بم ڈسپوزل اسکارڈ (بی ڈی ایس) اور جموں و کشمیر پولیس کے آپریشنل اہلکاروں کو ان کی بنیادی تنخواہ کا 25 فیصد بطورسیکورٹی الاؤنس ملے گا جبکہ جموں وکشمیرپولیس کے غیر آپریشنل اہلکاروں کو 12.5 فیصد سیکورٹی الاؤنس ملے گا۔سرکاری آرڈر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (SOG)اور بم ڈسپوزل اسکارڈ (BDS) کو ہارڈ شپ الاؤنس وہی ہوگا جو دوسرے پولیس اہلکاروں کو دیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق، جموں و کشمیر حکومت کا یہ اقدام23، اکتوبر کو سرینگر میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کے بعد آیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ فیصلہ جموں و کشمیر میں سیکورٹی کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے۔