جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے71 ویں یوم آزادی کے سلسے میں منی سٹیڈیم پریڈ میں قومی جھنڈا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا، وزیر مملکت برائے سیاحت پریا سیٹھی، ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما،ممبران قانون سازیہ، سول و پولیس کے سنیئر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر تقریر کرتے ہوئے مجاہدین آزادی، مہاتما گاندھی، بھگت سنگھ، راج گورو، چندر شیکھر آزاد، اشفاق اللہ خان اور دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی آزادی کے لئے عظیم قربانیاں دیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بڑے اطمینان کی بات ہے کہ ریاست میں ایجنڈا آف الائنس پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے تا کہ ترقی کے مقررہ نشانوں کو پورا کیا جاسکے۔جموں خطے میں ترقیاتی منظر نامے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کئی سیاحتی پروگرام شروع کئے ہیں جن سیاحتی مقامات میں رنجیت ساگر ڈیم، مان تلائی، سدھ مہا دیو، جموں اور پتنی ٹاپ شامل ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے پاور سیکٹر میں کئی اقدامات کئے ہیں جو اس سیکٹر کو آگے بڑھانے اور اپ گریڈ کرنے کے لئے ضروری ہیں اور جو بجلی کی تقسیم اور اس کی پیداوار بڑھانے میں ضروری ہے جس کی بدولت لوگوں کو دن رات بجلی فراہم کی جاسکتی ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ جب سے مخلوط حکومت وجود میں آئی ہے تب سے ریاست میں تعلیمی سیکٹر میں ایک انقلاب آیا ہے۔آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم اور آئی آئی ایم سی جموں کو وجود میں لانے سے جموں میں تعلیم کا شعبۂ بہت حد تک فروغ پاچکا ہے۔جموں شہر کو ترقی دینے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے جموں شہر کو نارتھ انڈیا کا ایک جدید شہر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر اُن بہادر سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہو ں نے ملک ک آزادی کے لئے اپنی عظیم قربانیاں پیش کیں۔