عظمیٰ نیوزڈیسک
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو ریپبلک ٹی وی سمٹ2024 میں تقریر کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے پچھلے10 سالوں میں کئے گئے اچھے کاموں کواُجاگرکیا اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہی اگلے10 سالوں تک حکومت کرتے رہیں گے۔ اگلے10 سالوں کے سیاسی نقطہ نظر کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیر داخلہ امت شاہ نے کہاکہ ہمارے ملک میں ایک متحرک جمہوریت ہے جو کارکردگی کا جائزہ لیتی ہے اور اسی کے مطابق اپنا مینڈیٹ دیتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ماضی میں مزاج اور مینڈیٹ ذات پات، عقیدہ اور مذہب اور خوشنودی کی بنیاد پر ہوا کرتا تھا۔ اب وزیراعظم مودی نے کارکردگی کی سیاست قائم کی ہے۔
کارکردگی طے کرے گی کہ اقتدار میں کون رہتا ہے، کارکردگی دکھانے والوں کو ملک موقع دے گا۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہاکہ اگر ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے تو ہم اقتدار میں رہیں گے، اگر ہم نے اپنی خرابیوں پر قابو نہیں پایا تو ہم جیت نہیں سکیں گے۔ کیونکہ آپ نے اگلے 10 سالوں کے بارے میں پوچھا ہے، میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ اگلے10 سالوں کے لیے صرف نریندر مودی ہی وزیر اعظم ہوں گے۔وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کے خاندان کی غیر موجودگی پر سوال اٹھانے پر آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کو بھی نشانہ بنایا۔انہوںنے کہاکہ جو لوگ فضول باتیں کر کے ملکی سیاست کی سطح کو گرانے کی کوشش کر رہے ہیں، عوام اُنہیں ہر بار منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ میں نے مودی جی کو بہت قریب سے دیکھا ہے، ان کے ساتھ طویل عرصے سے کام کیا ہے۔امت شاہ کاکہناتھاکہ ایک لحاظ سے لالو جی نے ٹھیک کہا ہے کہ مودی جی کا کوئی خاندان نہیں ہے۔ کیونکہ جن کے خاندان ہیں، وہ اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوںنے مزیدکہاکہ مودی جی نے40 سال سے صرف اور صرف ملک کے لوگوں کے لیے کام کیا ہے۔ 23 سال وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم رہنے کے بعد بھی میں نے انہیں چھٹی لیتے نہیں دیکھا۔انہوںنے کہاکہ میں نے پی ایم مودی کو صبح 5بجے سے رات ایک بجے تک لگن سے کام کرتے دیکھا ہے۔ اور یہ اس کا نتیجہ ہے کہ ان کے ساتھ اتنا بڑا کیڈر ہے۔وزیر داخلہ امت شاہ نے مزید کہا کہ پی ایم مودی پر کبھی بھی بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں لگا۔انہوںنے کہاکہ جمہوریت میں، ملک کے عوام حکومت کے خلاف اٹھنے والے ہر سوال کا جواب دیتے ہیں۔ شہریوں سے فراڈ کرنے والے رہنما اب مفرور ہیں۔ امت شاہ کاکہناتھاکہ مودی جی کے23 سال کے دور میں، پہلے وزیر اعلی اور پھر وزیر اعظم کے طور پر، ان پر ایک بھی الزام نہیں لگا۔ یہاں تک کہ اپوزیشن بھی مودی جی پر کسی بھی چیز کا الزام نہیں لگا سکتی، یہی وہ شفافیت ہے جس کے ساتھ وہ کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 10 سال سے مرکز میں ہماری حکومت رہی ہے۔