راجوری //منگل کے روز اکھنور اور نگروٹہ میں رونما ہوئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں 3افراد کی موت واقع ہو گئی جب کہ 5دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ جموں پونچھ شاہراہ پر اکھنور کے مقام ایک کار حادثے کاشکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں راجوری سے تعلق رکھنے والے 2 نوجوان لقمہ اجل بن گئے جبکہ 2 دیگر زخمی ہوئے ۔یہ حادثہ گزشتہ رات اکھنور بائی پاس کے مقام پر پیش آیا ۔مارے گئے نوجوانوں کے اہل خانہ نے بتایاکہ چار دوست ایک نئی کار میں سوارہوکر جموں سے راجوری کی طرف آرہے تھے جس دوران اکھنور بائی پاس کے مقام پر اس کار کو دوسری گاڑی نے ٹکر ماردی جس کی وجہ سے ڈرائیور گاڑی پرقابوکھوبیٹھا اور گاڑی سڑک سے لڑھک گئی ۔ اس دوران کار میں سوار گلشن شرما ولد ستپال شرما ساکن ڈسل موقعہ پر ہی لقمہ اجل بناجبکہ وکرم شرما ولد کیول رام نے بعد میں نزدیکی ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ دبیٹھا۔ اس حادثے میں دو نوجوان زخمی بھی ہوئے ہیں جن کی شناخت 26سالہ گلشن شرما اور 37سالہ وکرم شرماکے طورپر ہوئی ہے ۔اس حادثے کے بعد مارے گئے نوجوانوں کے آبائی علاقوں ڈسل اور ڈھانگری میں صف ماتم بچھ گئی ہے ۔دریں اثنا جموں سرینگر شاہراہ پر پنجگرائیں نگروٹہ کے قریب ایک تیز رفتار جیپ ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں ایک خاتون ہلاک جب کہ دیگر 3افراد زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو جموں میڈیکل کالج منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بنی ہوئی ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ گاڑی جموں سے ادہم پور کی طرف جا رہی تھی کہ نگروٹہ سے 3کلو میٹر دور پنجگرائیں کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر شاہراہ کے وسط میں تعمیر ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی۔