وزیر اعلیٰ کا طویل مدتی حل کا وعدہ،مشن یووا کے مستفیدین میں منظوری نامے تقسیم
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل سری نگر ضلع میں 37.92 کروڑ روپے مالیت کے متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں کا اِی۔اِفتتاح کیا اوربذریعہ ورچیول موڈ سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب شیرکشمیر اِنٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں منعقد ہوئی۔وزیر اعلیٰ نے نوشہرہ سری نگر میں وول منڈی کی تزئین و مرمت اور از سر نو تعمیر کے کام کا اِی۔اِفتتاح کیا جو ایک کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا۔اُنہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر میں سرجری، میڈیسن اور ریڈیالوجی شعبہ جات کی اَپ گریڈیشن کے لئے نئی عمارت کی تعمیر کا اِی۔سنگِ بنیاد رکھا جس کی تخمینی لاگت 18.70 کروڑ روپے ہے۔اِس کے علاوہ اُنہوں نے سولنہ میں9.90کروڑ روپے کی لات سے ابھیدنند ہوم کی اَپ گریڈیشن اور زکورہ میں2.13 کروڑ روپے کی لاگت سے فلیس ٹیسٹنگ لیبارٹری کی تعمیر کے منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔اِسی طرح وزیر اعلیٰ نے گنڈتل۔غنی موہر سڑک پر ملوری نالہ پر 1×15 میٹر سپین پلیٹ گرڈر آر سی سی ڈیکڈ پُل کی تعمیر کا اِی۔سنگِ بنیاد رکھا جس کی لاگت 1.53 کروڑ روپے ہے۔ اُنہوں نے سرا میں ملوری نالہ پر 1×20 میٹر سپین پلیٹ گرڈر آر سی سی ڈیکڈ پُل اور سرا باغ سے دارہ ہیلتھ سینٹر تک سڑک کی تعمیر پر مشتمل 4.66 کروڑ روپے کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔دورانِ تقریب وزیر اعلیٰ نے سری نگر ضلع کے مشن یووا اور ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈِی پی)‘کے مستفیدین میں منظوری نامے تقسیم کئے جس سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ذریعہ معاش میں بہتری کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس دوران وزیر اعلیٰ نے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی تاکہ ضلع سری نگر کے مجموعی ترقیاتی منظرنامے کا جائزہ لیا جا سکے اور منتخب نمائندوں سے عوامی مسائل کے بارے میں روبرو رائے حاصل کی جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے سری نگر ضلع کے اَرکان قانون ساز کی جانب سے اُٹھائے گئے مختلف مسائل سنے اور اچھن لینڈ فل سائٹ کی وجہ سے ماحولیاتی مسائل پر تشویش کا اِظہار کیا او اچھن ڈمپنگ سائٹ سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی اور صحت عامہ کے مسائل کے مستقل اور دیرپا حل کی ضرورت پر خصوصی زور دیا۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ سائنسی اور ماحول دوست طریقے سے ویسٹ مینجمنٹ کے طریقے کو اَپنائیں اوراس بات پر زور دیا کہ اس مسئلے کو مقررہ وقت میں حل کیا جانا چاہیے۔عمر عبداللہ نے سری نگر میں ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ٹریفک جامنگ کو کم کرنے کے لئے طویل مدتی اور مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ بڑے سڑکوں اور چوراہوں پر اہم رُکاوٹوں کی نشاندہی کریں اور انہیں دور کریں جہاں زمین پہلے ہی چوڑائی منصوبوں کے تحت حاصل کی جا چکی ہے وہاں سڑک کی ترتیب میں بہتری لائیں اور مربوط ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط کریں تاکہ گاڑیوں کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا انسانی، سائنسی اور قانونی طور پر مطابقت رکھنے والا طریقہ اَپنانے پر زور دیا اور میونسپل حکام اور دیگر متعلقہ شراکت داروںکے درمیان بہتر ہم آہنگی پر زور دیا۔اُنہوں نے جائزہ میٹنگ کے دوران ضلع کیپکس اورسی ڈِی ایف مختص کے تحت اہم ترقیاتی منصوبوں اور مرکزی سکیموںکی عمل آوری میں محکمہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے منصوبوں کی جلد تکمیل اور فنڈز کے بروقت استعمال کی ضرورت پر زور دیا اور ارکان قانون ساز کے ساتھ قریبی تعاون کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا تاکہ زمین پر واضح نتائج نظر آئیں۔