یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں دو نوجوانوں کے کودنے کے واقعہ پر اپوزیشن کے بیانات کو اس واقعہ کی مانند خطرناک اور جمہوریت مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے آئندہ عام انتخابات میں جیتنے سے پورا ایوان حزب اقتدار کے ارکان سے بھر جائے گا۔سال 2023 کے لیے بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی آخری میٹنگ کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعظم مودی نے میٹنگ میں تمام بی جے پی ممبران پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سال کی آخری پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے اپوزیشن کے ہندوستانی اتحاد کی آج کی میٹنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ‘آج اتحاد کے کچھ لوگ مل رہے ہیں، ان کا مقصد حکومت کو گرانا ہے جبکہ ہم سب جو یہاں بیٹھے ہیں، ہمارا خیال ہندوستان کے روشن مستقبل کے لیے کام کرنا ہے ۔ مسٹر مودی نے بنارس میں سنکلپ ریلی میں شرکت کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے ردعمل کو دیکھ کر ہمارا اعتماد کئی گنا بڑھ گیا ہے ۔سابق مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے کہا کہ میٹنگ میں وزیر اعظم نے کہا کہ فی الحال ہال کے ڈھائی بلاک میں بی جے پی ممبران پارلیمنٹ بھرے ہوئے ہیں لیکن 2024 میں آنے والے الیکشن کے بعد پورا بلاک بی جے پی ممبران پارلیمنٹ سے بھر جائے گا۔ وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں پیش آنے والے واقعے پر کہا کہ جو بھی جمہوریت میں یقین رکھتا ہے اسے اس کی شدید مذمت کرنی چاہیے ۔ لیکن حالیہ انتخابات کے نتائج سے مایوس کچھ جماعتیں پارلیمنٹ کے واقعے کی حمایت میں بول رہی ہیں۔ یہ اتنا ہی خطرناک ہے جتنا کہ یہ واقعہ خطرناک تھا۔
راجیہ سبھا کی کارروائی ملتوی
لوک سبھا میں وقفہ سوالات نہیں ہوسکا
یو این آئی
نئی دہلی// پارلیمنٹ میں سیکورٹی میں کوتاہی کے معاملے پر وزیر داخلہ کے بیان کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان نے راجیہ سبھا میں منگل کو مسلسل چوتھے دن بھی ہنگامہ آرائی کی، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی چار بار کے التوا کے بعد شام پانچ بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ادھرلوک سبھا میں کل پارلیمنٹ کی سکیورٹی کی خلاف ورزی کے مسئلے پر اور اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان کی معطلی کی کارروائی کے خلاف کافی ہنگامہ ہوا جس کی وجہ سے وقفہ سوالات نہیں ہو سکا اور اسپیکر اوم برلا کو ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔آج صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن کے اراکین ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے اسپیکر کے سامنے آگئے اور نعرے لگاتے ہوئے وزیر اعظم کی تصویر اٹھا کر ہنگامہ شروع کردیا۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان اسپیکر نے وقفہ سوالات شروع کرنے کی کوشش کی لیکن ارکان نے جم کرنعرے بازی شروع کر دی۔
امیت شاہ نے 3نئے بل پیش کئے
یو این آئی
نئی دہلی// وزیر داخلہ امت شاہ نے فوجداری قانون میں ترمیم سے متعلق تین نئے بل لوک سبھا میں پیش کیے ہیں۔ سی آر پی سی کی جگہ آئی پی سی، انڈین جوڈیشل کوڈ بل-2023،انڈین سول ڈیفنس کوڈ-2023 اور انڈین ایویڈینس بل-2023 لوک سبھا میں پیش کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ یہ بل فوجداری قوانین میں اصلاح کے لیے لایا گیا ہے۔ادھرنیشنل کیپیٹل ٹیریٹری دہلی میں غیر مجاز بستیوں کو باقاعدہ بنانے سے متعلق دہلی نیشنل کیپیٹل ٹیریٹری قانون (خصوصی دفعات) سیکنڈ ایکٹ 2011 کی مدت میں تین سال کی توسیع سے متعلق بل لوک سبھا میں منظور ہوگیا۔دہلی نیشنل کیپیٹل ٹیریٹری قانون (خصوصی التزام) سیکنڈ (ترمیمی) بل پر ایوان میں مختصر بحث کا جواب دیتے ہوئے ، مرکزی شہری ترقی کے وزیر ہردیپ پوری نے کہا کہ اس سے اس قانون کی مدت یکم جنوری 2024 سے 31 دسمبر 2026 تک بڑھ جائے گی۔