یو این آئی
نئی دہلی// لوک سبھا میں سیکورٹی میں لاپرواہی کے معاملے پر حزب اختلاف کے بیشتر ارکان پارلیمنٹ کی معطلی کے خلاف چار ارکان کے پلے کارڈ اٹھائے اور نعرے لگانے کی وجہ سے ایوان کی کارروائی بدھ کو دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ وقفہ سوال معمولی ہنگامہ آرائی کے درمیان تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ لوک سبھا اسپیکر کے انتباہ کے باوجود ارکان کھڑے رہے جس کے بعد ایوان کی کارروائی 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ادھر بدھ کو بھی راجیہ سبھا میں اپوزیشن ارکان کا ہنگامہ جاری رہا اور ایوان کی کارروائی کو بار بار ملتوی کرنا پڑا۔دو ملتوی ہونے کے بعد جب چیرمین جگدیپ دھنکھڑنے ایوان کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش کی تو اپوزیشن ارکان نے دوبارہ زور سے بولنا شروع کر دیا اور اپنی نشستوں کے سامنے کھڑے ہو گئے ۔راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑنے اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے سے کہا کہ وہ نائب صدر کے عہدے کی توہین کے واقعہ پر اپنا موقف واضح کریں۔تین التوا کے بعد جب مسٹر دھنکھڑ نے 11.45 بجے ایوان کی کارروائی چلانے کی کوشش کی تو کانگریس کے ڈگ وجئے سنگھ بولنے کے لیے کھڑے ہوگئے ۔ اپوزیشن کے دیگر ارکان نے بھی زور زور سے بولنا شروع کر دیا۔اس پر مسٹر دھنکھڑ نے کہا کہ نائب صدر کے عہدے کا وقار گرایا گیا ہے ۔ مسٹر سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر آپ کی خاموشی میرے کانوں میں گونج رہی ہے ۔ آپ اور آپ کی پارٹی کے صدر بھی خاموش ہیں۔