سرینگر// اپنی پارٹی نے جمعرات کو باقاعدہ ممبر شپ مہم کا آغاز کر دیا ۔ اِس کی شروعات بیک وقت پارٹی صدر دفتر لالچوک سرینگر اور گاندھی نگر جموں میں کی گئی۔ پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی کے سرکردہ لیڈران بشمول سینئر نائب صدر غلام حسن میر، میئر سرینگر میونسپل کارپوریشن اور پارٹی یوتھ ونگ صدر جنید عظیم متو، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر محمد اشرف میر، ڈی ڈی سی چیئرمین سرینگر ملک آفتاب، ڈی ڈی سی وائس چیئرمین سرینگر بلال بٹ، ڈی ڈی سی وائس چیئرمین پونچھ محمد اشفاق، ریاستی سیکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ترجمان جاوید حسن بیگ، چیف کارڈی نیٹر اور ضلع انچارج کولگام عبدالمجید پڈر، صوبائی سیکریٹری جاوید احمد مرچال، عبدالرشید ہارون، نذیر احمد وانی (ڈیلگامی)، پارٹی کارڈی نیٹر شمالی کشمیر فضل محمود بیگ، پارٹی لیڈر عرفان متو، پارٹی کارڈی نیٹر جنوبی کشمیر شوکت غیور ، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ضلع صدر کپوارہ راجہ منظور، ضلع صدر اننت ناگ عبدالرحیم راتھر، ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر، ضلع صدر گاندربل جاوید میر، جنرل سیکریٹری اپنی پارٹی یوتھ ونگ مظفر ریشی، صوبائی صدر اپنی پارٹی یوتھ ونگ کشمیر خالد راٹھور اور سرینگر وشوپیان ضلع سے ڈی ڈی سی ممبران کی موجودگی میں مہم کا اعلان کیا۔ اس موقع پر الطاف بخاری نے جموں وکشمیر کے لوگوں سے گذارش کی کہ وہ اپنی پارٹی میں اِس بنیاد پر شمولیت اختیار کریں کہ اِس نے ہمیشہ اُن مسائل پر توجہ مرکوز کی ہے جو عوامی خواہشات سے جڑے ہیں یا وہ معاملات جوخطہ میں امن اور خوشحالی کے نئے دور کیلئے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا ’’اپنی پارٹی کا قیام ایک ایسے وقت میں ہوا جب ہماری شناخت ختم کر دی گئی تھی، البتہ اِس شناخت کی بحالی کا عوام سے وعدے کو جلد عملی شکل ملے گی اور جلد ہی جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیاجائے گا‘‘۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پچھلے ایک سال کے دوران اپنی پارٹی کی طرف سے اُجاگر کئے گئے مطالبات پر حاصل کامیابی ہماری ایمانداری اور صداقت پر مبنی سیاسی نظریہ اور لوگوں کی بے پناہ حمایت کی گواہی ہے۔ بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی کسی قسم کا امتیاز نہیں کرتی بلکہ ہمیشہ نوجوان اور قابل سیاسی کارکنان کی حوصلہ افزائی کرتی ہے کہ وہ لوگوں کی خدمت کے لئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا ’’ہماری جماعت میں خاندانی سیاست اور خویش پروری ڈھانچہ کی کوئی گنجائش نہیں، ہر کوئی جولوگوں کی فلاح وبہبودی کے لئے کام کرنے کے لئے پُر عزم ہے، وہ ہمارے ساتھ شامل ہوسکتا ہے، اُ ن کے پیچھے سیاسی وراثت یا سیاسی خاندانی ہونا ضروری نہیں‘‘۔ ممبرشپ مہم کی افتتاحی تقریب کے آخرمیں بخاری نے پارٹی ضلع صدور اور دیگر عہدیداران سے کہاکہ وہ متعلقہ اضلاع اور علاقوں میں ممبر شپ مہم کا آغاز کریں تاکہ پارٹی زمینی سطح پر مضبوط ہوسکے۔