پونچھ//انسانی ہمدردی کے جذبے کو فروغ دیتے ہوئے بارڈر سیکورٹی فورس کی 182ویں بٹالین نے آپریشن سندور کی پہلی برسی کے موقع پر ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے کے منکوٹ اکہد میں واقع یونٹ ہسپتال میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا۔اس کیمپ میں بی ایس ایف کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ مقامی شہریوں نے بھی جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی، جو خدمتِ خلق اور عوامی اشتراک کا ایک بہترین نمونہ ثابت ہوا۔تقریب کی قیادت 182ویں بٹالین کے قائم مقام کمانڈنٹ وائی پی ایس چوہان نے کی، جبکہ چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ڈاکٹر پرویز احمد خان نے طبی انتظامات کی نگرانی کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ تمام صحت سے متعلق اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے۔اس موقع پر پرائمری ہیلتھ سینٹر منکوٹ کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ساجد مجتبیٰ خان اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود رہے، جن میں ضلع اسپتال پونچھ کے سینئر لیب ٹیکنیشن تیجندر سنگھ اور یونٹ کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ و میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مومیتا ہلدر بھی شامل تھیں۔
خون عطیہ مہم کے دوران مختلف گروپس کے مجموعی طور پر 26 یونٹ خون جمع کیا گیا، جن میں 25 عطیہ دہندگان بی ایس ایف کے اہلکار جبکہ ایک مقامی شہری شامل تھا۔اس کے علاوہ تقریباً بیس مقامی افراد، جن میں سرپنچ حضرات اور معزز شخصیات شامل تھیں، نے بھی کیمپ میں شرکت کی اور بی ایس ایف حکام کے ساتھ بات چیت کی۔ اس موقع پر فوج اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔منتظمین نے اس کامیاب مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف انسانی خدمت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو بھی مستحکم کرتے ہیں۔