جموں //آل انڈیا کنفیڈریشن آف ایس سی ایس ٹی اینڈ او بی سی کے اراکین نے صفائی کرمچاریوں کی مانگوں کی جانب توجہ نہ دینے پر ریاستی انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا ۔بھیم رائو امبیڈاکر چوک میں کئے گئے احتجاج کے دوران کنفیڈریشن اراکین نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ صفائی ستھرائی میں اہم رول ادا کرنے والے صفائی کرمچاریوں کی مانگوں کی جانب سنجیدگی کیساتھ غور نہیں کررہی ہے جس کی وجہ سے ان ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑڑہاہے ۔اپنے خطاب میں آل انڈیا کنفیڈریشن آف ایس سی ایس ٹی اینڈ او بی سی کے صدر آر کے کلسوترہ نے کہاکہ صفائی کرمچاریوں کی مانگوں اور ان کو در پیش مسائل کے سلسلہ میں انہوں نے حالیہ دنوں میں ریاستی گور نر کے مشیر خورشید احمد گنائی کیساتھ بھی ملاقات کر کے تفصیلی بات چیت کی ۔موصوف نے کہاکہ اس ملاقات کے دوران صفائی کرمچاریوں کی مستقلی ،ان کو وقت پر تنخواہ دینا ،صفائی کرمچاریوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے خصوصی سکولوں کا قیام کے علا وہ دیگر مطالبات پر تفصیلی بات چیت کی گئی تھی جس کے دورا ن گور نر کے مشیر نے ان مطالبات کو ترجیح بنیادوں پر حل کر نے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن اس کے باوجود ابھی تک اس سلسلہ میں کچھ بھی نہیں کیا گیا ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان ملازمین کو درپیش مسائل اور ان کی مانگوں کو ترجیح بنیادوں پر پورا کیا جائے ۔احتجاج کے دوران اراکین نے ریاستی انتظامیہ کیخلاف او ر صفائی کرمچاریوں کے حق میں شدید نعرے بازی بھی کی ۔اس موقعہ پر کلونت سنگھ ،ذاکر حسین ،محمد شفیع ،دویندر سنگھ ،ودیگران بھی موجو دتھے ۔