عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/نیشنل کانفرنس کے رکنِ پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے منگل کو نئی سیاسی جماعت بنانے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میڈیا ان سے زیادہ نئی پارٹی کے قیام کا خواہاں ہے۔بڈگام میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے آغا روح اللہ نےکہا کہ انہوں نے ابھی تک کوئی نئی سیاسی جماعت تشکیل نہیں دی ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، ایسا لگتا ہے کہ میڈیا مجھ سے زیادہ نئی پارٹی بنانا چاہتا ہے۔ اگر آپ نئی پارٹی بنانا چاہتے ہیں تو بنا لیجیے، پھر میں دیکھوں گا کہ وہ اچھی پارٹی ہے یا نہیں، اس کے بعد اس میں شامل ہونے کا فیصلہ کروں گا۔
نیشنل کانفرنس کی جانب سے جنتر منتر پر مجوزہ احتجاج کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر آغا روح اللہ نے واضح کیا کہ وہ اس احتجاج میں شریک نہیں ہوں گے، کیونکہ عوام نے نیشنل کانفرنس کو صرف ریاستی درجے (اسٹیٹ ہڈ) کی بحالی کے لیے نہیں بلکہ آرٹیکل 370 کی بحالی کے لیے مینڈیٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا، میں پہلے ہی واضح کر چکا ہوں کہ میں اس احتجاج میں شامل نہیں ہو رہا۔ ہماری ذمہ داری آرٹیکل 370 کے لیے جدوجہد کرنا ہے، کیونکہ یہ ہماری شناخت اور وقار سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ عوام نے ہمیں آرٹیکل 370 کی بحالی کے لیے ووٹ دیا تھا، نہ کہ صرف ریاستی درجے کے لیے۔آغا روح اللہ نے الزام عائد کیا کہ سیاسی بحث کو صرف ریاستی درجے تک محدود کرنا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایجنڈے کے مطابق ہے۔انہوں نے کہا، بی جے پی چاہتی ہے کہ ہم باقی تمام مسائل بھول جائیں اور صرف ریاستی درجے کا مطالبہ کریں۔ گزشتہ 70 برس کی تاریخ گواہ ہے کہ ہم سے جو کچھ چھینا گیا، وہ کبھی واپس نہیں ملا۔ اگر ہم تاریخ سے سبق نہیں سیکھیں گے تو یہ ہمارے لیے اچھا نہیں ہوگا۔
بی جے پی کی جانب سے نیشنل کانفرنس میں مبینہ توڑ پھوڑ اور ہارس ٹریڈنگ کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے آغا روح اللہ نے کہا کہ جمہوریت میں ہارس ٹریڈنگ کی کوئی گنجائش نہیں، چاہے اس میں کوئی بھی سیاسی جماعت ملوث ہو۔انہوں نے کہا، جمہوریت میں ہارس ٹریڈنگ کسی بھی صورت میں درست نہیں۔ میں اس عمل کے خلاف ہوں، چاہے کوئی بھی جماعت اس میں شامل ہو۔ بی جے پی نے اس روایت کو معمول بنا دیا ہے، جس کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کو کمزور کیا جاتا ہے، اور یہ جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔
آغا روح اللہ نے نئی سیاسی جماعت بنانے کی خبروں کو مسترد کر دیا، این سی کے جنتر منتر احتجاج میں شرکت سے بھی انکار