عظمیٰ نیوزسروس+فیاض بخاری
سرینگر+بارہمولہ// سری نگر کے اونتہ بھون صورہ علاقے میں آتشزدگی کے ایک ہولناک واقعے میں ایک تین منزلہ رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچا۔ذرائع نے بتایا کہ اونتہ بھون صورہ میں جمعہ کی رات قریب 10 بجے ایک تین منزلہ مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے علاقے میں خوف و ڈر کا ماحول پھیل گیا۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آتشزدگی کے بارے میں اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس کو جائے موقع پر بھیج دیا گیا جنہوں نے آگ کو قابو میں لاکر مزید پھیلنے سے روک دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ایک تین منزلہ رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔ضلع بارہمولہ کے ملہ پورہ نارواو علاقے میں سنیچر کی شام آگ کی ایک ہولناک واردات پیش آئی جس کے نتیجے میں گورنمنٹ مڈل اسکول کی عمارتوں کو کافی نقصان پہنچا۔مقامی ذرائع کے مطابق آگ اچانک اسکول کی عمارت میں بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے ایک حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگ بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہوئے اور آگ بجھانے کی کوششیں شروع کیں۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ علاقے میں فائر سروس اسٹیشن دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے آگ پر بروقت قابو نہیں پایا جا سکا جس کے باعث اسکول کی عمارت کو کافی نقصان پہنچا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر قریبی علاقے میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروس موجود ہوتی تو نقصان کو کم کیا جا سکتا تھا۔بعد میں فائر سروس کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے۔مقامی لوگوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں فائر سروس کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔