فیاض بخاری
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ میں اوڑی اور بونیار تحصیلوں کے 130 سے زائد دیہات میں جاری طویل بجلی بحران کے دوران مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بونیار اور نوشہرہ علاقوں کی بجلی سپلائی کو لور جہلم ہائیڈل پاور پروجیکٹ (ایل جے ایچ پی) چہلاں کے بجائے شیری گرڈ سٹیشن سے منسلک کیا جائے۔یہ مطالبہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ایل جے ایچ پی میں نصب 20 ایم وی اے ٹرانسفارمر تقریبا پانچ دن قبل خراب ہوگیا، جس کے باعث اوڑی اور بونیار کے بیشتر دیہات اندھیرے میں ڈوب گئے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شیری گرڈسٹیشن میں بونیار اور نوشہرہ علاقوں کا اضافی بوجھ اٹھانے کی پوری صلاحیت موجود ہے، جس سے ایل جے ایچ پی میں نیا 20 ایم وی اے ٹرانسفارمر نصب ہونے تک اوڑی اور بونیار تحصیلوں کو بلا رکاوٹ بجلی فراہم کی جا سکتی ہے۔ ایک مقامی باشندے منظور احمد نے بتایا ،’’ ایل جے ایچ پی میں بار بار خرابیوں نے ہماری زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شیری گرڈ سٹیشن بوجھ سنبھال سکتا ہے اور اوڑی و ملحقہ دیہات کو بلاخلل بجلی فراہم کر سکتا
ہے۔‘‘رہائشیوں نے شکایت کی کہ جاری بجلی بندش نے روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے، خاص طور پر طلبہ، مریضوں اور کاروباری اداروں کو شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔حکام کے مطابق ایل جے ایچ پی میں دو 20 ایم وی اے ٹرانسفارمر موجود ہیں۔ ان میں سے ایک ٹرانسفارمر، جو ہائیڈل پاور پروجیکٹ کے زیر انتظام ہے، فی الحال فعال ہے، جبکہ دوسرا 20 ایم وی اے ٹرانسفارمر جو جموں و کشمیر پاور ٹرانسمیشن کارپوریشن لمیٹڈ (جے کے پی ٹی سی ایل)کے دائرہ اختیار میں ہے، خراب ہو چکا ہے، جس کے باعث اُوڑی اور بونیار کے وسیع علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔تاہم، جے کے پی ٹی سی ایل کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ نئے ٹرانسفارمر کی ترسیل میں چند دن لگ سکتے ہیں۔کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) کے ایک سینئر عہدیدار نے اس بات کی تصدیق کی کہ محکمہ اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔انہوں نے کہا ہم بونیار اور نوشہرہ علاقوں کی بجلی سپلائی کو شیری گرڈسٹیشن سے منسلک کرنے کی تجویز پر غور کر رہے ہیں۔ یہ معاملہ زیرِ جائزہ ہے۔ادھر، شدید موسمی حالات کے پیش نظر عوام نے حکام سے اپیل کی ہے کہ بار بار پیدا ہونے والے بجلی بحران سے بچنے کے لیے فوری فیصلہ لیا جائے۔