یو این آئی
سرینگر//بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع دور افتادہ فاروڈ پوسٹوں تک رابطہ بحال کرنے کے لئے انتھک محنت کر رہی ہے اور بھاری برف ہٹاکر اسٹریٹیجک راستوں کو دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں گذشتہ دس دنوں کے دوران دو مراحل میں بھاری برف باری ہوئی ہے جس کے نتیجے میں بالائی علاقوں میں برف کی بھاری تہہ جم گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ بی آر او نے اوڑی سیکٹر میں چوبیس گھنٹے برف ہٹانے کی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں جن میں افرادی قوت اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر معمولی برفانی جمائو، سخت موسمی حالات، منفی درجہ حرارت اور دشوار گذار علاقہ اس کام میں سخت رکاوٹوں کا باعث بن رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پروجیکٹ بیکن کی 53 آر سی سی اس کارروائی میں پیش پیش ہے اور انتہائی حالات میں بھی اہم سڑک رابطوں کو فعال رکھنے کے لئے محو جدو جہد ہے۔حکام نے بتایا: ‘سخت موسم، منفی درجہ حرارت اور دشوار گذار علاقے کے باوجود بی آر او کے جوان برف ہٹانے کے کام میں مسلسل مصروف ہیں، وہ برفانی تودے گر آںے کے خطرات کے درمیان یہ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں تاکہ آپریشنل تیاری بر قرار رہے اور اہم سرحدی انفراسٹرکچر کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے’۔ایل او سی کے قریب واقع اسٹریٹیجک طور پر اہم علاقوں کو جوڑنے والی یہ سڑکیں سرحدی نظم و نسق، لاجسٹکس اور فارورڈ علاقوں میں فوجی نقل وحمل کے لئے نہایت اہم کر دار ادا کرتی ہیں۔