ظفر اقبال
اوڑی//تازہ بارش کے بعد اْوڑی کے لگامہ میں ایک بڑے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے تقریباً نو گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد اتوار کو اوڑی-بارہمولہ قومی شاہرہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کر دی گئی۔ بھاری ملبے اور مٹی کے تودے کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ نے سڑک کو مکمل طور پر بند کر دیا تھا، حکام کو احتیاطی اقدام کے طور پر اس راستے پر ٹریفک کو روکنے پر مجبور کر دیا تھا۔عہدیداروں نے بتایا کہ واقعہ کے فوراً بعد،اہلکاروںاور مشینری کو کام میں لگا دیا گیا اور کلیئرنس آپریشن جنگی بنیادوں پر شروع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ “مسلسل کوششوں کے بعدملبہ کو ہٹا دیا گیا اور تقریبا نو گھنٹے کے بعد سڑک کو ٹریفک کے قابل بنایا گیا”۔ بندش کے دوران، انتظامیہ نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی تھی، جس میں مسافروں پر زور دیا گیا تھا کہ وہ متاثرہ راستے سے گریز کریں اور متعین موڑ پر عمل کریں۔ تکلیف کو کم کرنے کے لیے ٹریفک کو بانڈی-پارانپلان-دچھی راستے سے اْوڑی کی طرف موڑ دیا گیا۔حکام نے مزید کہا کہ شاہراہ کو اب گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے، جبکہ مسافروں کو موسم کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔