اول سے نویں جماعت تک بھی مارچ سیشن، اعلان آئندہ 2روز میں موسم بہتر رہنے کی صورت میں سرمائی چھٹیاں دسمبر کے آخر میں ہونگی:ڈائریکٹر تعلیم

 بلال فرقانی

سرینگر// محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ اس نے اول سے نویں جماعت کے سکنڈ ٹرم ( فائنل) امتحانات اگلے سال مارچ میںلینے کی سفارش کی ہے اور جموں کشمیر حکومت آئندہ 2روز میں اس پر فیصلہ لے گی۔ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر تصدق حسین میر نے ایس کے آئی سی سی میں منعقد ہ ایک تقریب کے حاشیے پرنامہ نگاروں کے سوالات کاجواب دیتے ہوئے کہا’’ وادی میں اول یعنی پرائمری سے نویں جماعت کے ٹرم 2یعنی سالانہ امتحانات ممکنہ طورپر اگلے سال مارچ میں لئے جائیں گے‘‘ ۔ناظم تعلیم کاکہناتھاکہ محکمہ اسکولی تعلیم کی جانب سے اس حوالے سے حکومت کوایک تجویز پیش کردی گئی ہے اوراس بات کاامکان ہے کہ حکومت اس تجویز کی روشنی میںاگلے ایک یادوروزمیں احکامات جاری کرے گی۔ڈائریکٹر کاکہناتھاکہ ‘ہم نے اپنی تجویز حکومت کو پیش کر دی ہے اور ہمیں ایک یا 2 دن کے اندر سرکاری احکامات کی توقع ہے‘۔ میر نے ایک سوال کے جواب میںبتایاکہ موسم بہتر رہنے کی صورت میں امسال دسمبر کے آخرتک وادی میں قائم اسکولوںمیں سرمائی تعطیلات نہیں ہونگی ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت نے پہلے ہی دسویں ،گیارہویں اوربارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات مارچ اپریل2023میں منعقد کرانے کااعلان کیا۔پرائمری اورمڈل کلاسز کے سالانہ امتحانات مارچ 2023میں لینے کی صورت میں کشمیر وادی میں تعلیمی سیشن کے خدوخال بدل جائیں گے ۔انہوں نے بچوں کے منہ اور پیروں میں بیماری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معمولی نوعیت کی بیماری ہے اور متاثرہ طلاب کو الگ رکھا جا رہا ہے۔