انگلینڈ کے خلاف پانچواں ٹیسٹ | ہندوستان نے پہلی اننگ میں بنائے 416رن جڈیجہ نے سال کی دوسری سنچری لگائی

برمنگھم//رویندر جڈیجہ نے انگلینڈ میں پہلی بار سنچری لگائی۔ یہ ان کی ٹسٹ کیریئر کی تیسری اور سال کی دوسری سنچری ہے۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹسٹ میں 183 گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دیا۔ 98 رنوں پر 5 وکٹ گنوانے کے بعد ہندوستانی ٹیم 84.5 اوور میں 416 رنوں پر آل آوٹ ہوگئی۔ رویندر جڈیجہ 104 رن بناکر جیمس اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ جسپریت بمراہ 31 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ اس سے پہلے رشبھ پنت نے بھی 146 رن بنائے تھے۔ ٹیم انڈیا سیریز میں 1-2 سے آگے چل رہی ہے۔ اب 2 سنچری کی بدولت ٹیم نے اس میچ میں بھی خود کو آگے کرلیا ہے۔ میچ کے دوسرے دن ہفتہ کے روز ہندوستانی ٹیم نے 7 وکٹ پر 338 رنوں سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ رویندر جڈیجہ اور محمد شمی نے اسکور کو 371 رنوں تک پہنچایا۔ دونوں نے آٹھویں وکٹ کے لئے 48 رن جوڑے۔ محمد شمی 31 گیندوں پر 16 رن بناکر اسٹورٹ براڈ کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ یہ اسٹورٹ براڈ کا ٹسٹ کیریئر کا 550واں وکٹ ہے۔ اس درمیان رویندر جڈیجہ نے 13 چوکے کی مدد سے سنچری پوری کی۔ اس سے پہلے انہوں نے اسی سال مارچ میں سری لنکا کے خلاف موہالی میں ناٹ آوٹ 175 رنوں کی اننگ کھیلی تھی۔ وہ 194 گیندوں پر 104 رن بناکر آوٹ ہوئے۔ 33 سال کے رویندر جڈیجہ کی یہ گھر کے باہر پہلی ٹسٹ سنچری ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے دونوں سنچری گھر میں ہی لگائی تھی۔ اس مقابلے سے پہلے تک ایجبسٹن میں ہندوستان ک طرف سے صرف سچن تندولکر اور وراٹ کوہلی نے سنچری لگائی تھی۔ لیکن اس میچ میں رشبھ پنت اور رویندر جڈیجہ دونوں نے سنچری لگاکر تاریخ رقم کر دی ہے۔ رشبھ پنت نے 89 گیندوں پر سنچری مکمل کی تھی۔ جسپریت بمراہ 16 گیندوں پر 31 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ 4 چوکا اور 2 چھکا لگایا۔