یو این آئی
نئی دہلی//نجی ایئر لائن انڈیگو نے بدھ کے روز اپنی پروازوں میں تاخیر کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا، جس میں مسافروں کو متبادل فلائٹ یا رقم کی واپسی کا آپشن پیش کیا گیا ایئر لائن نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ اس کی پروازیں مختلف وجوہات کی بنا پر کچھ عرصے سے تاخیر کا شکار ہیں، جن میں تکنیکی مسائل، ہوائی اڈے پر ٹریفک کی کثرت اور آپریشنل مسائل شامل ہیں۔انڈیگو نے کہا کہ اس کی ٹیم جلد از جلد آپریشن کو معمول پر لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ اس نے کہا کہ وہ متاثرہ مسافروں کو متبادل فلائٹ یا رقم کی واپسی کا آپشن دے رہی ہے۔ اس کی وجہ سے ہونے والی تکلیف پر افسوس ہے اور مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ گھر سے نکلنے سے پہلے ویب سائٹ یا ایپ پر اپنی فلائٹ کا اسٹیٹس چیک کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ خلل اگلے ایک یا دو روز تک جاری رہ سکتا ہے۔قبل ازیں، منگل کی دیر شام کو ٹاٹا گروپ کی ایئر انڈیا نے اطلاع دی کہ تھرڈ پارٹی سسٹم کی خرابی کے سبب مختلف ہوائی اڈوں پر اس کے اور دیگر ایئر لائنز کے چیک ان سسٹم متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے۔ تاہم بعد میں مسئلہ حل ہو گیا۔پچھلے مہینے، دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اے ٹی سی سسٹم کی خرابی کی وجہ سے بڑی تعداد میں فلائٹس تاخیر کا شکار ہوئیں، جس کی تحقیقات ابھی جاری ہے۔